لاہور ،اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ، جنرل رپورٹر ،خبر نگار خصوصی) ملک بھر میں انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی ،پہلے روز لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے ،مہم کے دوران 4کروڑ کے قریب بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق چاروں صوبوں میں خصو صی ٹیموں نے گھر گھر جا کر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے ، پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے لئے مناسب انتظامات کئے گئے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ رواں برس کی پہلی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا جس میں 39 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے ، مہم میں 2 لاکھ 65 ہزار پولیو ورکرز خدمات سرانجام د ے رہے ہیں ۔ پنجاب میں پولیو مہم 5روز جاری رہے گی ۔لاہور میں میاں محمودالرشید اور ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے وحدت کالونی کے جناح فلٹر کلینک میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلاکر مہم کا افتتاح کیا ۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے بتایاکہ پولیو ٹیموں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے مناسب اور بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں ، شہری بھی پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں ۔ چیف ڈرگزکنٹرولرپنجاب نے کہا کہ تمام فیلڈ افسران17سے 21فروری تک جاری رہنے والی پولیو مہم کے آگاہی پروگرام کا لازمی جزو ہوں گے ۔ سندھ میں 67 لاکھ ، خیبر پختونخوا میں 67 لاکھ 52 ہزار ، بلوچستان میں 24 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔