وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے صوبے میں ہیپاٹائٹس‘ ایڈز اور ٹی بی کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے لیے انصاف میڈیسن کارڈ کے اجراء کی تقریب میں کہاہے کہ وہ وقت دور نہیں جب صوبے کے تمام شہریوں کو مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تپ دق سے سالانہ 5 لاکھ متاثر ہوتے ہیں اور ساٹھ ہزار افراد اس جان لیوا بیماری سے جاں بحق ہو جاتے ہیں۔ اس طرح دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس کے 35 کروڑ مریضوں میں سے ڈیڑھ کروڑ مریض صرف پاکستان میں ہیں۔ پاکستان میں سالانہ ڈیڑھ لاکھ افراد اس موذی مرض سے ہلاک ہوتے ہیں جبکہ ایڈز کے مریضوں کو تشخیص اور علاج کی سہولیات بھی برائے نام حاصل رہی ہیں، اس سے مفر نہیں کہ ماضی میں ملک بھر میں ٹی بی کے مریضوں کو مفت ادویات ملتی رہی ہیں تاہم ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو مفت ادویات کے حصول کے لیے لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں دھکے کھانے پڑتے تھے۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو اب انصاف میڈیسن کارڈ کے ذریعے صوبے کے دور دراز علاقوں میں ان امراض میں مبتلا افراد کو مفت ادویات کی سہولت میسر ہوگی،بلا شبہ لائق تحسین امر ہے۔ بہتر ہوگا حکومت امراض قلب اور بلند فشار خون کے اور شوگر کے مریضوں کو بھی انصاف میڈسن کارڈ کی سہولت فراہم کرے تاکہ بلڈ پریشر، دل اور شوگر کے مریضوں کوبھی مفت ادویات کی سہولت میسر آ سکے۔