جکارتہ(صباح نیوز)انڈونیشیا نے کورونا وائرس کے باعث اپنے شہریوں کے لیے رواں برس حج پروگرام منسوخ کرنے فیصلہ کرلیا اور اس کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا، ویب سائٹ جکارتہ گلوب نے کہا ہے حکومت نے شہریوں کو حج پر نہ بھیجنے کافیصلہ کیاہے جس سے مسلمانوں میں تشویش پائی جاتی ہے ، وزیر مذہبی امور فچوری راضی نے کہا سعودی عرب نے اب تک کسی بھی ملک کو حج سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا، اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 2020 کا حج کا سفر منسوخ کیا جائے ، ہمارے لیے یہ فیصلہ کرنا انتہائی مشکل تھا اور ہم جانتے ہیں کہ کئی شہری دلبرداشتہ ہوں گے ، فچوری راضی نے کہا فیصلہ صحت کے حوالے سے خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے بہت غور کے بعد کیا گیا، عالمی وبا نے مذہبی عبادات کے سماجی پہلوؤں کو شدید متاثر کیا ہے ، امید ہے حج اگلے سال ہو سکے گا، سنگاپور نے بھی گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ اس اس کے شہری اس سال حج نہیں کرینگے ۔ اس سے قبل انڈونیشیا کی حکومت نے کہا تھا کہ اگر سعودی عرب نے 20 مئی تک کوئی حتمی فیصلہ نہ کیا تو ہم اپنا سفر منسوخ کریں گے ، بعد ازاں 20 مئی کو انڈونیشیا کی حکومت نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے پیش نظر حج کی اجازت دینے سے متعلق اپنے فیصلے سے آگاہ کریں، رمضان المبارک ختم ہونے سے قبل فیصلہ ہونا چاہیے ۔ خیال رہے انڈونیشیا دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک ہے اور اس کے کم از کم 2 لاکھ 31 ہزار شہری حج کے لیے رجسٹرڈ کر اتے ہیں ، جو کسی بھی ملک کی جانب سے سب سے بڑی نمائندگی ہے ۔