کراچی (کامرس رپورٹر)انڈونیشیا حکومت کی جانب سے کوٹہ جاری نہ ہونے کے باعث کینو کی برآمدات شروع نہ ہوسکی ،سیزن شروع ہوئے ایک ماہ گزرگیا لیکن تاحال کوٹہ جاری نہ ہونے کے باعث برآمد کنندگان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ،مشیر تجارت عبدالرزاق داود کو ہنگامی مراسلے کے زریعے آگاہ کردیا ۔برآمد کنندگان کے مطابق انڈونیشیا کے ساتھ ترجیحی تجارت کے معاہدے کے باوجود پاکستانی کینو پر کوٹہ عائد ہے اور انڈونیشیا کی حکومت ہر سال کوٹہ جاری کرتی ہے لیکن رواں سیزن ایک ماہ گزرنے کے باوجود انڈونیشیا نے کوٹہ جاری نہیں کیا جس کی وجہ سے انڈونیشیا کو کینو کی ایکسپورٹ شروع نہ ہوسکی ،گزشتہ سیزن ایک ہزار کنٹینر کینو انڈونیشیا کو ایکسپورٹ کیے گئے تھے۔کوٹہ کے اجراء میں تاخیر سے برآمدات میں کمی کا خدشہ ہے انڈونیشیا کی جانب سے پاکستان کے کینو پر کوٹہ عائد ہے جبکہ پاکستان سالانہ دو ارب ڈالر سے زائد کا خوردنی تیل انڈونیشیا سے درآمد کررہا ہے۔