پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان ( سٹاف رپورٹر، نمائندہ 92نیوز) پشاور کے مضافاتی علاقہ متھرا زگی غر میں پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس کے انٹیلی جنس بیس آپریشن کے دوران خود کش بمبار اور 4 مبینہ دہشتگرد مارے گئے ،کئی گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے لئے پشاور سے بھی نفری طلب کی گئی، ایمرجنسی ریسپارنس فورس، کیو آر آراور ریپڈ ریسپارنس فورس نے آپریشن میں حصہ لیا، زگی پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع پر ایک مکان پر چھاپہ مارا ،موجود افراد نے فائرنگ شروع کردی، جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے ، ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں میں ایک مبینہ خودکش حملہ آور بھی شامل ہے ، کئی گھنٹے مقابلہ جاری رہا ، مقدمہ درج کرلیاگیا ، قبضے سے اسلحہ اور خود کش جیکٹ برآمد کی گئی ہے ۔ ٹانک کے گائوں میں خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران متعددوارداتوں میں مطلوب خطرناک دو شدت پسندہلاک کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ ،بارود اور ہینڈ گرینڈ برآمد کرلئے گئے ہیں،گائوں راغزئی اور گومل میں انس عرف منیر اوربخت اللہ کو مارا گیا، کالعدم تنظیم کے دونوں دہشتگردوں کا تعلق جنوبی وزیر ستان سے تھا اور وہ سکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں ملوث تھے ۔