لندن(سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی مونٹی پینسر نے اپنے کیریئر میں بال ٹیمپرنگ کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا ایسا کرنا درست تھا۔انگلش ٹیم کی طرف سے 2006 سے 2013کے دوران 50ٹیسٹ میچ کھیلنے والے مونٹی پینسر نے بتایا ہم جانتے تھے سورج کی تپش سے بچانے والی کریم گیند کوسوئنگ کرنے میں مدد دیتی ہے ۔انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران بال ٹمپرنگ سے جڑے واقعات کا ذکر اپنی ایک کتاب میں کیا ہے جس میں وہ لکھتے ہیں میں کبھی کبھارحادثاتی طور پینٹ کی زپ کے ساتھ بھی گیند کو رگڑتا تھا۔ مونٹی پینسر کا کہنا ہے کہ ہمیں کھیل کے دوران اپنی کٹ استعمال کرنے کی اجازت ہے ۔ خیال رہے کہ آئی سی سی قوانین کی شق 42.3اس بات کی اجازت دیتی ہے کہ کھلاڑی میدان میں گیند صاف کرنے کے لیے اپنی کٹ کا استعمال کر سکتے ہیں۔2013میں جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی پر پاکستان کے خلاف میچ میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔ انہوں نے گیند کو پینٹ کی زپ پر رگڑا تھا۔