لندن (غلام حسین اعوان) ورلڈکپ کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا میزبان انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ۔لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 44.4 اوورز میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔انگلش ٹیم 286 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شروعات سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور بین سٹوکس کے علاوہ اس کا کوئی کھلاڑی زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹک سکا۔اوپنر جیمز وِنس پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ چوتھے اوور میں مچل سٹارک نے جوئے روٹ کو 15 کے مجموعے پر اپنا شکار بنایا۔ کپتان آئن مورگن صرف 4 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے ۔قبل ازیں انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ڈیوڈ وارنر 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر معین علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔عثمان خواجہ 23 کے انفرادی سکور پر بولڈ ہوگئے ۔آسٹریلیا کی تیسری وکٹ صرف 12 رنز کے وقفے سے گری جب ایرون فنچ 100 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کیچ آؤٹ ہوئے ۔گلین میکس ویل کچھ خاص کارکردگی نہ سکھا سکے اور 12 رنز بنا کر ووڈ کی وکٹ بن گئے ۔مارکس سٹوئنِس بھی اچھی اننگز کھلنے میں ناکام رہے اور 8 رنز پر رن آؤٹ ہوئے ۔آسٹریلیا کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سٹیون اِسمتھ تھے جنہوں نے 38 رنز بنائے اور 250 کے مجموعی اسکور پر کیچ آؤٹ ہوئے ، جبکہ پیٹ کمِنز صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹے ۔ایلکس کیرے 38 اور مچل اسٹارک 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔انگلینڈ کی طرف سے کرس ووکس نے 2 جبکہ جوفرا آرچر، مارک ووڈ، بین اسٹوکس اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔دونوں ٹیموں کی سیمی فائنل تک رسائی کے لیے یہ میچ اہمیت کا حامل تھا۔انگلینڈ کی شکست سے پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔