کوئٹہ(آن لائن) صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی ،ڈائریکٹرجنرل نے نیب بلوچستان عابد جاوید ،سینئرصحافی اوریا مقبول جان،ارشاد احمد عارف ، صدر پریس کلب کوئٹہ رضا الرحمن،بلوچستان یونین جرنلسٹ کے صدر ایوب ترین نے کہا ہے کرپشن کی دیمک نے معاشرے کو کھوکھلا کر دیا،صوبے میں مسائل کی سب سے بڑی جڑ کرپشن ہے جس کیوجہ سے لوگ پانی ،تعلیم ،صحت ،روزگار اور دیگر بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ نیب بلوچستان کے زیر اہتمام کرپشن کے تدارک کے لئے میڈیا کے کردار کے عنوان سے سیمینار سے اظہار خیال کرتے ہوئے میر ظہور احمد بلیدی نے کہا جمہوریت میں ووٹ کا موجودہ تصور الیکشن لڑ کر پیسہ کمانا ہے ، اس وقت مسائل کی جڑ کرپشن ہے ، عوام بنیادی حقوق سے محروم ہے ، بلوچستان میں وسائل کرپشن کی نظر ہوتے رہے ہیں،کرپشن کے بلیک ہولز کو کنٹرول کرنا ضروری ہے ،مرکز سے بلوچستان کو اس کے جائز وسائل نہیں ملے ۔ ڈائریکٹرجنرل نے نیب بلوچستان عابد جاوید نے کہا کرپشن کی دیمک نے معاشرے کو کھوکھلا کردیا ، آج کرپشن کرنے والا اس بات پر برہم ہوتا ہے کہ اسے کرپشن سے کیوں روکا جاتا ہے سرکاری ملازم کے لئے جزا ور سزا کا قانون موجود ہے لیکن عمل درآمد کا فقدان ہے ، میڈیا درست سمت میں مسائل کی نشاندہی کرے تو کرپشن کی روک تھام ممکن ہے کرپشن کے تدارک کے لیے میڈیاساتھ دے ۔ اوریا مقبول جان نے کہا پاکستان میں سب سے پہلے ایم پی اے فنڈ کا آغاز بلوچستان سے ہوا فائلوں میں بننے والے ڈیمز زمین پر بنتے تو آج ہم افغانستان کو پانی دے رہے ہوتے کسی بھی معاشرے میں کرپشن کے تدارک کے لئے اداروں کا استحکام ضروری ہے ، چنگیز خان اور ہلاکو خان نے بھی تعلیم اور طبیب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا لیکن ہم نے کرلیا ۔ صوبے سے ماضی کی خوبصورتی اجڑ گئی۔ روزنامہ 92 نیوز کے گروپ ایڈیٹر ارشاد احمد عارف نے کہا وطن عزیز میں ہر فرد خود کو قانون سے مبرا اور دوسرے پر اس کا اطلاق چاہتا ہے دیکھنا ہوگا کہ میڈیا کی آزادی کن مقاصد کے لئے استعمال ہورہی ہے ایک گروہ باہر سے پیسے لیکر آزادی صحافت کا استعمال اپنے ہی وطن عزیز کے خلاف کررہا ہے رائے عامہ کا منظم ہونا ہی میڈیا کی وہ طاقت ہے جس سے مسائل کی نشاندہی اور ان کا حل ممکن ہوتا ہے ۔ ستر فیصد ترقیاتی بجٹ بدعنوانی کی نظر ہوجاتا ہے ۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔صدر کوئٹہ پریس کلب رضا الرحمان نے کہا بلوچستان کے میڈیا نے مسائل کے باوجود کرپشن کی نشاندہی کی ہے منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث صوبائی دارلحکومت میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے سہولت کے بجائے عوام کے لئے زحمت بن چکے ۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر ایوب ترین نے کہا دیکھتے ہی دیکھتے کرپشن کے سیلاب نے بلوچستان سمیت ملک بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا بلوچستان میں تعلیم صحت اور پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اس بھی بڑی وجہ کرپشن اور وسائل کا فقدان ہے ۔