اسلام آباد (اے پی پی) سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی )نے غیرمنافع بخش اداروں( این پی اوز) کیلئے اینٹی منی لانڈرنگ اوردہشت گردی کیلئے مالی وسائل کے انسداد کے ضمن میں رہنماء اصول جاری کردئیے ہیں۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ رہنماء ہدایات فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) کی سفارشات کی بنیاد پرجاری کی گئی ہیں۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) بین الحکومتی ادارہ ہے جو اینٹی منی لانڈرنگ اوردہشت گردی کیلئے مالی وسائل کے انسداد کے حوالے سے سرگرم عمل ہے ۔اس ادارے نے منی لانڈرنگ اورردہشت گردی کیلئے مالی وسائل کی روک تھام کیلئے 40 سفارشات مرتب کی ہیں جو عالمی معیارکے مطابق ہیں۔پاکستان ایف اے ٹی ایف کی طرز پر اے پی جی کا رکن ہے ۔پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں اورایف اے ٹی ایف کے تحت ا ینٹی منی لانڈرنگ اوردہشت گردی کیلئے مالی وسائل کے انسداد کے حوالے سے مذکورہ معیارکو اپنانے کا پابند ہے ۔بیان کے مطابق سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان دہشت گردی کیلئے مالی وسائل کے انسداد اوراینٹی منی لانڈرنگ کیلئے ان مختلف شعبوں بشمول غیرمنافع بخش اداروں میں ان اصولوں کو نافذ کرانے کیلئے سرگرم عمل ہے ۔بیان کے مطابق این پی اوز کیلئے رہنماء ہدایات کمپنیزایکٹ مجریہ 2017ء کے سیکشن 42 کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔