اوتھل،کوئٹہ،منڈی بہاؤالدین،سرگودھا ،بھیرہ ،شیخوپورہ( نامہ نگار،92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز) پنجگورسے کراچی جانیوالی مسافرکوچ تیز رفتاری کے باعث بیلہ کے قریب لیویز چیک پوسٹ پر تعینات 2 اہلکاروں کو کچلتے ہوئے چیک پوسٹ سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے باعث دولیویزاہلکاروں سمیت 8 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو لیویزاہلکاروں سمیت 17مسافر زخمی ہوگئے ۔ ریسکیو ٹیموں نے نعشوں و زخمیوں کو سرکاری ہسپتال بیلہ منتقل کردیا گیا ،پولیس نے نعشیں کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ہیں جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کردیاگیا ۔ منڈی بہاوالدین چک سیدا ملکوال کے قر یب لالہ موسیٰ سے کراچی جانے والی ملت ایکسپریس نے ریلوے لائن کراس کرتے ہوئے کار کو ٹکر مار دی جو قلابازیاں کھاتی ہوئی نہر میں جا گری،جس کے نتیجہ میں کارمیں سوار 17 سالہ شاویز احمد اور22سالہ عامر اقبال ساکن ہریا موقع پر زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ شدید زخمی 70 سالہ احمد یار ولد متعلی خان ہسپتال پہنچ کر جاں بحق ہوگیا۔ شیخوپورہ میں شرق پور روڈ بابا بودے شاہ دربار کے قریب پک اپ سیم نالہ میں جاگری جس کے نتیجہ میں ظہیر عباس اور عبدالحمید جاں بحق ہوگئے ۔ فیصل آباد بھکھی کے قریب مسافر بس، کار ،مزدا ویگن اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں درجن کے قریب افراد زخمی ہوگئے جن کو فوری طور پر ڈی ایچ کیوہسپتال منتقل کردیاگیا۔