اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،این این آئی) پاکستان نے کہا ہے کہ او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کے 47ویں اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیہ میں جموں و کشمیر تنازعہ سے متعلق او آئی سی کے اصولی مؤقف کا اعادہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے او آئی سی کی مسلسل حمایت کا واضح ثبوت ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہاکہ نیامے اعلامیے میں واضح طور پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے حوالے سے او آئی سی کے اصولی موقف کا اعادہ کیا گیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ نائیجر میں اجلاس کے اختتام پر نیامے اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اعلامیہ میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے او آئی سی کے مستقل، اصولی موقف کا اعادہ کیاگیا ۔کشمیر تنازعہ کی نیامے اعلامیے میں شمولیت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے او آئی سی کی مسلسل حمایت کا مظہر ہے ۔دوسری جانب صدرآزادکشمیر سردار مسعود نے اوآئی سی وزرا خارجہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے منظور کی جانیوالی موثر اور جامع قرار داد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قرار داد کی منظوری اور کانفرنس کے اعلامیے میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے تفصیلی تذکرے نے مودی حکومت کی منفی خواہشات پر پانی پھیر دیا ۔ایک بیان میں سردار مسعود نے اسلامی تعاون تنظیم اور اسکے تمام رکن ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی نے ہمیشہ تنازعہ کشمیر کو امت مسلمہ کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے اسے سلامتی کونسل کی قرار دادوں اورکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اورتنظیم آج بھی اپنے اصولی موقف پر قائم ودائم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے اعلامیے میں بھارتی مظالم کی جو تفصیلات شامل کی گئی ہیں وہ کشمیری وفد نے کانفرنس سے خطاب میں فراہم کی تھی ۔ اسلامو فوبیا پر اوآئی سی کی تشویش کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ہم نے وزرائے خارجہ پرواضح کیا کہ اسلامو فوبیا کی سب سے بدترین شکل بھارت اور مقبوضہ کشمیر کے اندر دیکھی جا سکتی ہے ۔