اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی،ذیشان جاوید)اوجی ڈی سی ایل میں اعلیٰ ترین عہدوں پر خلاف ضابطہ تعینات افسران کیخلاف کارروائی بالاخرشروع کردی گئی ۔ ایم ڈی اوجی ڈی سی ایل ڈاکٹر نسیم احمد نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے دبائو کو بالائے طاق رکھتے ہوئے خلاف ضابطہ تعینات ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیومن ریسورس شعیب بیگ کو برطرف کردیا،اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیاجبکہ دوسرے افسر کیخلاف بھی کارروائی کا امکان ہے ۔بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایم ڈی کے اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے افسران کو بچانے کیلئے آج ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ۔ افسران کی تقرری کیلئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے شرائط وضوابط اور تجربہ کی حد تبدیل کی گئی۔ نیب راولپنڈی نے شعیب بیگ سمیت 5بورڈ ممبران کو5تا8نومبر طلب کیا تھا۔92 نیوز کوموصول دستاویز کے مطابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ آر شعیب بیگ کو ناقص کارگردگی کے باعث برطرف کیا گیا ۔ شعیب بیگ کی برطرفی کی باضابطہ منظوری ایم ڈی اوجی ڈی سی ایل ڈاکٹر نسیم احمد نے دی۔ شعیب بیگ کو کنٹریکٹ کی شق 1.8 کے تحت برطرف کیا گیا ۔ اوجی ڈی سی ایل حکام کے مطابق بورڈآف ڈائریکٹرز میں شریک بعض ممبران نے منظور نظر ہونے پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیومن ریسورس شعیب بیگ کو نواز نے کیلئے اشتہار کی شرائط تبدیل کیں۔شعیب بیگ مطلوبہ تجر بہ نہیں رکھتے تھے ۔ شعیب بیگ کی برطرفی کواوجی ڈی سی ایل افسران اور ملازمین نے سراہا جبکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز شعیب بیگ کو 3 سال تک عہدے پر برقرار رکھنے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق شعیب بیگ 2014ء میں ملازمت چھوڑنے کے بعد ایک سیاسی جماعت کیساتھ وابستہ رہے ۔ادھر حکام کے مطابق انتہائی کم اور غیر متعلقہ تجربے کے باعث ایک اور سینئر افسر کی بھی برطرفی کا امکان ہے کیونکہ ان کے مقابلے میں اوجی ڈی سی ایل میں مطلوبہ تجربے کے سینئرترین افسران موجود ہیں جنہیں نظرانداز کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایم ڈی اوجی ڈی سی ایل ڈاکٹر نسیم احمد اور سیکرٹری پٹرولیم اسد احیائالدین اوجی ڈی سی ایل کو نیب کارروائیوں سے محفوظ بناتے ہوئے کمپنی کو تباہی سے بچانا چاہتے ہیں ۔ ایم ڈی کے ذرائع کا کہنا تھاکہ میرٹ کی بالا دستی کو یقینی بنایا جائیگا۔ ادھر معلوم ہو ا ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چند ممبران کو ہر صورت بچانا چاہتے ہیں اور اس ضمن میں آج ایم ڈی کی عدم موجودگی میں اجلاس طلب کیا ہے ۔