سرینگر،جہانیا ں، کچا کھو ہ، وجھیانوالہ، میانچنوں(اے ایف پی،نامہ نگاران)لائن آف کنٹرول پر گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا۔مودی سرکار کے ایک سنئر افسر نے بتایا کہ دونوں اطراف بھاری فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے ۔بھارت نے ایک بار پھر پاکستانی افواج پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں ضلع راجوری کے نوشہر ہ سیکٹر میں پر فائرنگ کی گئی ہے تا ہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔جوابی کارروائی میں بھارتی فوج نے بھی فائرنگ کی ۔دوسری جانب کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے 3 جوانوں کو فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپردخاک کردیا گیا۔لیپہ سیکٹر پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے نائیک تنویر احمد کی نماز جنازہ آبائی گاؤں 138 دس آر گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول میں ادا کی گئی جس میں پاک فوج کے افسران ، مقامی انتظامیہ سمیت ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جسد خاکی اٹھایا گیا تو فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی۔ شہید نائیک تنویر احمد کو مقامی قبرستان میں دعاؤں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ، پاک فوج اور پنجاب پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی۔کرنل محمد تنویر نے شہید کے بیٹے حمزہ اور بیٹی مریم کو شہید باپ کی وردی اور پاکستانی پرچم سونپا۔ صدر عارف علوی ، چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔پاک آرمی کے شہید جوان خالد عبداللہ کی نمازہ جنازہ ان کے آبائی گاؤں 29 دس آر کچاکھوہ میں ادا کی گئی جس میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔شہید محمد رمضان کی نماز جنازہ آبائی گاؤں 67 پندرہ ایل میں ادا کی گئی جس میں فوج، پولیس کے افسران اور سیاسی شخصیات سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر لوگ پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے رہے ۔کرنل احسن کی قیادت میں پاک فوج کے دستے نے سلامی دی۔ شہید محمد رمضان نے 3 سال قبل آرمی جوائن کی اور دو سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی۔