لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) اورنج لائن میٹرو ٹرین تو چل پڑی لیکن اس کی تعمیر کیلئے لگائی گئی مشینری نے لاہور کے تاریخی چوبرجی کوارٹرز کرکٹ گراؤنڈ کو تباہ کر دیا ۔ کوئی سرکاری محکمہ گراؤنڈ کی بحالی کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔ کئی علاقوں کے کرکٹرز گراؤنڈ سے محروم ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق شہر کے بڑے ٹرانسپورٹ منصوبے اورنج لائن کیلئے ملتان روڈ پر واقع چوبرجی کوارٹرز کرکٹ گراؤنڈ میں مشینری نصب کی گئی ۔ اس مشینری سے اورنج لائن کیلئے کنکریٹ گارڈر اور بلاکس تیار کئے جاتے تھے ۔ اورنج لائن مکمل ہونے کے بعد ٹرین بھی چل پڑی لیکن چوبرجی کوارٹرز کرکٹ گراؤنڈ کا حالت نہیں بدلی گئی۔ کمپنی مشینری وہیں چھوڑ کر چلی گئی اور اب کوئی سرکاری محکمہ مشینری ہٹا کر گراؤنڈ بحال کرنے کو تیار نہیں۔ پی اینڈ ڈی، پی ایچ اے ، ایل ڈی اے سمیت تمام ادارے ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں۔سمن آباد، سوامی نگر، پونچھ روڈ، گلشن راوی اور چوبرجی پارک سمیت کئی علاقوں کے کرکٹرز گزشتہ تین سال سے گراؤنڈ سے محروم ہیں۔ سعید احمد اور یونس احمدجیسے بڑے کرکٹرز اسی گراؤنڈ میں کرکٹ کھیل کر آگے نکلے ۔ علاقے کے کرکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ گراؤنڈ سے ہنگامی بنیادوں پر مشینری ہٹا کر بحال کیا جائے تا کہ یہاں کرکٹ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو سکے ۔