لاہور(نمائندہ خصوصی سے /نامہ نگار) اورنج لائن میٹرو ٹرین کو 2040تک دی جانے والی سب سڈی کے اعدادوشمار سامنے آنے کے بعد صوبائی حکومت کے ذمہ داروں نے سر جوڑ لئے ۔معتبر اورمصدقہ ذرائع کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی لاگت اور اس کے لئے 2040تک ادا کی جانے والی سب سڈی کی بابت محکمہ خزانہ پنجاب، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ نے ایک رپورٹ تیار کی ہے جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے موجودہ سال میں 12 ارب 72 کروڑ سبسڈی کا تخمینہ لگایا ہے ۔پنجاب حکومت سبسڈی کی مد میں2040 تک ایک کھرب 93 ارب 55 کروڑ 68 لاکھ 58 ہزار 397 ادا کرے گی۔2021 سے 2040 تک ہر سال میٹرو ٹرین پر 9 ارب 51 کروڑ سے زائد سبسڈی دینا پڑے گی۔ذرائع کے مطابق تیار کی گئی رپورٹ میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ 30 روپے رکھنے کے حوالے سے 20 سالہ تخمینہ رپورٹ تیار کی گئی ہے ۔جس میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت 2024 سے 2036 تک اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا قرض ادا کرے گی۔ 9 کھرب 53 ارب سے زائد رقم کا مقروض صوبہ پنجاب سالانہ 6 ارب 28 کروڑ روپے قرض پر سود ادا کرے گا۔یہی نہیں پنجاب حکومت 12 سال تک سالانہ 40 اعشاریہ 62 ملین امریکی ڈالر پہلی ملکی لائٹ ریل کے قرض پر سود ادا کرے گی۔