ہنگو(نمائندہ92نیوز)ضلع اورکزئی میں سکیورٹی فورسز اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ،فورسز نے دہشت گردوں کے 4 سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا۔ہلاک دہشت گردوں کا تعلق اورکزئی، خیبر اور درہ آدم خیل سے بتایا جاتاہے آپریشن خفیہ اداروں کی اطلاع پر کی گئی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق کہ خفیہ اداروں کی اطلاع پر پاک فوج ، سی ٹی ڈی،ایف سی اور حساس اداروں کے مشترکہ آپریشن میں ضلع اورکزئی کی لوئر تحصیل کے علاقہ بیزوٹ میں دہشت گردوں کے ساتھ آمنا سامنا ہونے پر جھڑپ میں مبینہ دہشت گرد سید،زبیر عرف ریاض،ایک اور دہشت گرد ساتھی سمیت ہلاک ہوگیا۔ فورسز نے کارروائی میں مبینہ دہشت گردوں کے 4 سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کاتعلق ضلع اورکزئی،خبیر اور درہ آدم خیل سے بتایا جاتا ہے ۔