ہنگو( نمائندہ 92نیوز)ضلع اورکزئی کے علاقہ کلایہ لیڑا میں شادی کی تقریب کے دوران مکان کی چھت منہدم ہونے سے 6خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق اور22بچوں سمیت 41 زخمی ہو گئے ۔ گزشتہ روز مرادعلی ولد نوراب علی کے گھر میں شادی کی تقریب کے دوران سانحہ پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی اورکزئی انتظامیہ ،سکیورٹی فورسز کے جوانوں ،پولیس اور مقامی آبادی کے رضا کاروں نے مشترکہ امدادی کارروائی کرکے لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا اورکلایہ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اورقریبی صحت مراکز منتقل کیاجبکہ بعض شدید زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں کوہاٹ ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے ۔