لاہور،سیالکوٹ، ظفر وال(وقائع نگار، 92 نیوز رپورٹ ،ڈسٹرکٹ رپورٹر،تحصیل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت روز فلاح عامہ کے منصوبوں کا افتتاح کر رہی ہے جبکہ پی ڈی ایم صرف سازشوں میں مصروف ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پاکستان کی ترقی روکنے کے درپے ہیں اور یہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔قبل ازیں انہوں نے ظفروال، سمبڑیال اور سیالکوٹ کے طوفانی دورے کئے ۔ وزیراعلیٰ نے سستے سہولت بازار کا دورہ کیا اور تھانے پر بھی چھاپہ مارا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار ظفروال میں صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا،مرحوم کے درجات بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان کیلئے صبرجمیل کی دعاکی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزداربغیر شیڈول اچانک سمبڑیال پہنچے ۔ وزیراعلیٰ نے سمبڑیال میں سہولت بازار کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مختلف سٹالوں پر جا کر آٹا، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کے نرخ کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خریداری کیلئے آنے والوں شہریوں سے اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور قیمتیں بھی دریافت کیں۔ خریداری کیلئے آنے والی خاتون نے وزیراعلیٰ کو اپنا مسئلہ پیش کرکے انصاف کی اپیل کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خاتون کو فوری انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ کو ہر صورت انصاف ملے گا۔ سہولت بازار سے واپسی پرانہوں نے تھانہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر اچانک چھاپہ مارا اور تھانے کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے تھانے میں موجود شہریوں سے پولیس کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے حوالات کا معائنہ کیا اور حوالات میں موجود ملزمان سے گفتگو بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے تھانے میں قائم فرنٹ ڈیسک کا بھی جائزہ لیا اور طریقہ کار کا مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عمدہ کارکردگی پر تھانہ سیالکوٹ ایئرپورٹ کے عملے کیلئے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا اور کہا کہ جو اچھا کام کرے گا اس کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔