مکرمی !ہائوسنگ کالونی سمندری روڈ گوجرہ حکومت پنجاب کے ادارہ پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی کی تشکیل کردہ 35سال پرانی کالونی ہے جس میں نکاسی آب کے لئے بنایا گیا سیوریج کا منصوبہ بُری طرح ناکارہ ہو چکا ہے سیوریج کے پائپ آبادی کی ضرورت کے تناسب کو مدنظر رکھے بغیر چھوٹے قطر کے ڈالے گئے ہیںدوسرا اس میں نقص یہ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ پائپ ڈالتے وقت کالونی کے نکاسی آب کا انتظام پہلے مغربی سمت کیا گیا تھالیکن سیوریج کے پائپ ڈالنے کے بعد نقشہ میں تبدیلی کر کے گندے پانی کا نکاس مشرقی سمت کر دیا گیا۔ جس سے بارش کا پانی بھی سیوریج کے گٹروں میں جانے کی بجائے کئی دن تک سڑکوں اور گلیوں میں پھیلا رہتا ہے۔ بلدیہ گوجرہ اور محکمہ ہائوسنگ نے چونکہ کالونی کو بے آسراچھوڑدیا ہے لہٰذا ان محکموں سے مایوس لوگ جب آئے روزگٹر اور فلو ہوتے ہیں یابارش کا پانی گلیوں میں کھڑا ہو جاتا ہے تو وہ اپنے گھروں کے سامنے مٹی ڈلوا لیتے ہیںجب کہ سڑک کو اونچی کرنا محکمہ ہائوسنگ کے کالونی قوانین کی خلاف وردی ہے کیونکہ سرکاری کالونیوں میںمکان لمبی مدت کے لئے محکمہ کی طے شدہ شرائط کے مطابق بنائے جاتے ہیں۔لہٰذا مکان کا بیڈ اور سڑک کی سطح محکمہ کی طرف سے کالونی تشکیل دینے کے بعدہمیشہ طے شدہ رہتی ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل ہے کہ کالونی کے سیوریج کے پائپ کالونی کی ضرورت کے مطابق نئے سرے سے ڈالے جائیں اور لوگوں کے خون پسینے کی کمائی سے لاکھوں روپے لگا کر بنائے ان کے گھروں کو گہرائی میں جانے سے بچایا جائے۔ (زاہد رئوف کمبوہ غلہ منڈی گوجرہ)