لاہور(سٹاف رپورٹر)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈا کٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اولیاء کرام کی تعلیمات انسانی بھلائی پر مبنی ہیں۔شیخ عبدالقادر جیلانی ؒکے دست مبارک پر لاکھوں افراد نے اسلام قبول کیا۔اولیا کرام نے اپنی سیرت وکردار سے انسانیت کو گمراہی سے نکال کرصرائط مستقیم پر چلایا۔شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ علم وعمل کے پیکر تھے ،آپ ضرورت مندوں کی حاجت پوری فرمادیتے تھے ۔آپ رحمتہ اﷲ تعالی علیہ لوگو ں کو علم کے ساتھ عمل کی دولت سے بھی نوازدیتے تھے یعنی آپ رحمتہ اﷲ تعالی علیہ کی صحبت میں آنے والے علم کے ساتھ باعمل بھی بن جاتے تھے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اولیاء کرام نے دین اسلام کی تبلیغ سے لاکھوں غیر مسلموں کو مسلمان کیا اور انہیں دین اسلام کی تعلیمات سے روشناس کرایا۔اولیاء کرام کی تعلیمات انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں ،برصغیر پاک وہند میں اسلام اولیاء کرام کی تبلیغ و اشاعت سے پھیلا ہے ، اولیاء کرام کی تبلیغ و تعلیمات نے لوگوں کو حق و صراط مستقیم کی راہ پر گامزن کیا ہے ، اولیاء کرام نے لوگوں کی بھلائی اور انکی زندگی سہل بنانے کی اپنی پوری پوری زندگیاں حق کا پیغام دینے میں لگا دیں۔ ہمیں اپنے اعمال وفعال کا جائزہ لینا چاہئے ،انہیں اچھا بنانے کے لئے اچھی صحبت اختیار کرنی ہوگی ۔