فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) مدینہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے پردیسی افراد کو عارضی قیام وطعام کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے شہر میں پہلی پناہ گاہ(شیلٹر ہوم) کی تکمیل وتزئین کا کام آخری مراحل میں ہے جس کا باضابطہ افتتاح عنقریب متوقع ہے ۔ضروری بنیادی سہولتوں سے آراستہ 87مرلہ اراضی پر جنرل بس سٹینڈ میں قائم شیلٹر ہوم میں ساڑھے تین سو مردوخواتین مسافروں کے قیام کی گنجائش ہوگی۔پناہ گاہ میں بستروں،بجلی،پینے کے پانی،ٹائلٹس اور موسم کے اعتبار سے دیگر بنیادی سہولیات میسرہونگی جبکہ مقیم افراد کو دووقت کا کھانا بھی فراہم کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے پناہ گاہ کا دورہ کیا اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)میاں آفتاب احمد،سیکرٹری آرٹی اے ضمیر حسین،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،سسٹم اینالسٹ عاصم الیاس ودیگر بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے شیلٹر ہوم کے مختلف حصوں کا دورہ کرکے مرد وخواتین کے لئے الگ الگ کمروں وضروری بنیادی سہولتوں کو چیک کیا۔انہوں نے پناہ گاہ کے انتظام وانصرام کو چلانے اور رجسٹریشن کے لئے قائم دفاتر کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پردیسی مسافروں کے قیام کے لئے مدینہ فاونڈیشن کے تعاون سے تمام تر درکار تقاضوں سے ہم آہنگ شیلٹر ہوم تعمیر کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ہسپتالوں ودیگر اہم مقامات پر مزید شیلٹر ہومز کے قیام کے لئے اقدامات کو بھی آگے بڑھایا جارہا ہے جس کی بدولت پردیسی افراد کو رات گزارنے کے لئے چھت میسر آئے گی اس ضمن میں مخیر کاروباری طبقات کاتعاون قابل ستائش ہے ۔