کراچی( کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتہ کے پہلے روز کاروباری اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کی لپیٹ میں آ گئی ،سرمائے میں 34ارب59کروڑکی کمی جبکہ62.84فیصد حصص کی قیمتیں بھی گر گئیں ۔پیر کو کے ایس ای100انڈیکس میں85.87پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 41862.29پوائنٹس ہو گیا ۔کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 34ارب59کروڑ21لاکھ 44ہزار311روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 69کھرب 27ارب19کروڑ75لاکھ29ہزار363روپے رہ گیا ۔گذشتہ روز مارکیٹ میں مجموعی طور پر 323کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 102کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،203میں کمی اور18کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔دریں اثناء پاکستانی روپیہ کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ جاری رہا ۔ نئے کاروباری ہفتے کے پہلے دن انٹر بینک میں امریکی ڈالر1.64روپے کے اضافے سے 228.18روپے سے بڑھ کر229.82روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر2روپے اضافے سے 234روپے سے بڑھ کر236روپے ہو گیا۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر سونے کی قیمت3000روپے اضافہ سے 1لاکھ56ہزارروپے اوردس گرام سونے کی قیمت2572روپے اضافے سے 1لاکھ33ہزار745روپے ہوگئی۔