لاہور( حافظ فیض احمد) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے اوور سیز پاکستانیوں کے ساتھ فراڈ کرنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کا سلسلہ تیز کرنے کی ہدایت کر دی، ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب میں اوور سیز پاکستانیوں کے ساتھ فراڈ اور جعلسازی سے جائیداد ہتھیانے کے متعددمقدمات درج ہیں جس میں بورڈ آف ریونیو اور ایل ڈی اے کے کچھ کرپٹ ملازمین نے ملی بھگت سے بوگس کاغذات تیار کر کے جائیداد اپنی نام منتقل کرا ئیں اور پھر فروخت کر دیں ، اس حوالے سے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور سمیت دیگر ریجنل افسروں کو اوور سیز پاکستانیوں کے مقدمات کو ترجیح بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایات دید ی گئی ہیں، اینٹی کرپشن لاہور ریجن نے کیسوں کی تفصیل لے کر خصوصی چھاپہ مار ٹیم تشکیل دے دی جس نے اسلام آباد اور لاہور میں چھاپے مار کر اوور سیزپاکستانیوں کی کروڑوں روپے مالیت کی زمین اور دیگر جائیداد ہتھیانے والے اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا ،ملزمان میں ایک اوور سیز پاکستانی کی40کروڑ کی زمین ہتھیانے والے ملزمان احمد اور الیاس اوور سیز خاتون کے 2 پلاٹ ہتھیانے والے ملزم محمد عمران اور اکرم، اسلام آباد میں چھاپہ مار کر بیرون ملک مقیم شہری کی کروڑوں مالیت کی زمین اپنے نام کرانے والے ملزم جاوید شاہد کو گرفتار کر لیا ،ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کی ٹیم نے رشوت لے کر بوگس کاغذات کی تیاری میں ملوث بورڈ آف ریونیو اور ایل ڈی اے کے کرپٹ ملازمین کوبھی قانون کی گرفت میں لانے کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کردیا ہے ۔