اسلام آباد،ملتان ( سٹاف رپورٹر،این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی،انکے جائز مطالبات کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے ، دنیا تبدیل ہو چکی ہے ، سوشل میڈیا لمحہ لمحہ کی خبر دے رہا ہے ، جدید ذرائع کو بروئے کار لانا ہو گا ،ہماری برآمدات کورونا کی وجہ سے بہت کم ہو چکی ہیں تاہم زرمبادلہ کے حوالے سے ابھی ہمیں توقعات وابستہ ہیں ،ہمیں اپنا مائنڈ سیٹ اور رویہ تبدیل کرنا ہو گا ۔وزیر خارجہ کی زیر صدارت متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ٹاؤن ہال اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،سپیشل سیکرٹری خارجہ معظم علی خان ، وزارت خارجہ کے سینئر افسران اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر غلام دستگیر اور پاکستانی سفارتخانے کے افسران بھی شریک ہوئے ۔وزیر خارجہ نے کہاکہ ہماری پارٹی کے استحکام میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا بڑا حصہ ہے ۔یہ پاکستانی اپنا خون پسینہ بہا کر اپنازرمبادلہ بھجوا رہے ہیں اورپاکستان کی معیشت کو سہارا دئیے ہوئے ہیں ۔شاہ محمود نے کہاکہ جمہوریت میں بولنے کی آزادی ہوتی ہے ، منتخب حکومتیں عوام کے سامنے جواب دہ ہوتی ہیں ،گزارش ہے ان عناصر کی نشاندہی کیجیے جو ٹکٹس کی مد میں اوور چارج کر رہے ہیں ۔دریں اثناملتان کے ٹائیگر فورس کے رضاکاروں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ نوجوانوں نے ہر کڑے وقت میں آگے بڑھ کر ملک و قوم کی خدمت کا بیڑااٹھایا ۔ہم نے ملکر بحیثیت قوم عالمی وبا سے لڑنا ہے اور اسے شکست دینا ہے ۔