ملتان ،اسلام آباد(خبر نگار ،92 نیوز رپورٹ، این این آئی ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ عمران خان کی عوام دشمن حکومت کیخلاف اعلان جنگ کردیا،پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ سے پہلے ہی کامیابیاں ملناشروع ہوگئیں، مارچ سے پہلے وزیر اعظم کی وکٹیں گرنا شروع ہو گئی ہیں، اسلام آباد پہنچنے سے پہلے مزید وکٹیں گریں گی،آپ گھبرانہیں رہے توہمارے مارچ سے پہلے اسمبلی توڑدیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر رانا سجاد حسین نے پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ بلاول بھٹونے عمران خان کومخاطب کرتے ہوئے کہاآپ گھبرانہیں رہے توہمارے مارچ سے پہلے اسمبلی توڑدیں، پہلے دن سے سلیکٹڈ حکومت کا مقابلہ کر رہے ہیں اورعوام کے سامنے بے نقاب بھی کر رہے ہیں، آئی ایم ایف سے ڈیل غریب اورعوام دشمن معاہدہ ہے ،،جب یہ حکومت عروج پر تھی تب پیپلزپارٹی میدان میں نکلی تھی ،عمران خان کو ضمنی الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور سینٹ کے الیکشن میں بھی ،ہم نے خالی میدان نہیں چھوڑا، ہم نے وزیر اعظم کے گھر میں گھس کر شکست دی اور ہمیں یقین ہے کہ عوامی مارچ میں ہم کامیاب ہوں گے ،عدم اعتمادکاموقف نہ ماننے والے آج ہماری بات مان رہے ہیں۔دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹرپر فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کے فیصلے پر تبصرہ کرتے لکھا کہ پی ٹی آئی کی ایک اور وکٹ گر گئی، مبارک ہو ٹیم پیپلز پارٹی۔سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عوام بدحال ہوچکی ہے ملک معاشی طور پر نیچے جاچکا ہے تبدیلی والی حکومت نے اپنے منشور پر عمل نہیں کیا ،لانگ مارچ عوام کے حقوق دلا کر رہے گا ۔سینیٹر شیری رحمان نے سرنجز کے ممکنہ بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے معاملہ پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک میں کورونا کی بگڑتی صورتحال کے دوران سرنجز کی قیمت بڑھانے سے لوگ ایک ہی سرنج دوبارہ استعمال کریں گے جو بہت ہی خطرناک عمل ہے ۔شازیہ مری نے عمران خان کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے الوداعی دورے شروع ہو چکے ہیں، آصف علی زرداری کے خلاف مہم جوئی کرنے والوں کے مقدر میں شرمندگی ہوگی۔ سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی اپوزیشن رہنماؤں کو برائے راست دھمکیاں قابل مذمت عمل ہے ، ذرائع آمدن سے زائد اثاثوں کا جواب دینا پڑے گا ۔