اسلام آباد، کراچی (سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹر) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 6ستمبر2020ء یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں اپنے دفاع و سلامتی پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کرینگے ، آج ہم اپنے اس عہد کی بھی تجدید کرتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کی اصولی حمایت جاری رکھیں گے ، وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہاقوم اور مسلح افواج نے ثابت کیا کہ حجم اہمیت نہیں رکھتابلکہ یہ وہ جذبہ، ولولہ اور جرات و بہادری ہوتی ہے جو سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے ۔وزیردفاع پرویز خٹک نے کہا ہماری بہادر مسلح افواج کسی بھی قسم کی جارحیت کا مناسب جواب دینے کے اہل اور تیار ہیں ،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا پاک فوج نے جس بہادری کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہایوم دفاع پاکستان کا منایا جانا اس پیغام کا اعادہ ہے کہ افواج پاکستان آئندہ بھی مادرِوطن کی حفاظت کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، بینظیر بھٹو نے بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی فراہم کرکے ملک کی دفاعی ضروریات کے متعلق اپنے والد کے ویژن کو پایہ تکمیل پر پہنچایا۔