ملتان (سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آنے والے بجٹ میں جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ کیلئے 68 کروڑ روپے مختص کر چکے ہیں، کچھ قوتیں ہر وقت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے تیار رہتی ہیں،تحریک انصاف کو ورثے میں مالیاتی خسارہ اور بگڑے حالات ملے ،مسلم لیگ (ن) صوبہ جنوبی پنجاب نہیں چاہتی،پی ٹی آئی نے الگ صوبے کا بل جمع کرادیا ہے ، آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر کو رولنگ کیلئے سفارش کرونگا، 26 مئی کو چین کے نائب صدر پاکستان آرہے ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان جدید زراعت پر مبنی معاہدے ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان کے مقامی میرج ہال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا جب پی ٹی آئی نے ملک سنبھالا ملکی حالات بگڑ رہے تھے ،ہم نے کوشش کی کہ آئی ایم ایف کے بغیر حالات بہتر کر لیں لیکن فرق بہت زیادہ تھا۔ وزیر خارجہ نے کہا کچھ قوتیں سی پیک منصوبے کو آگے بڑھتا نہیں دیکھ سکتیں، پاکستان کو غیر محفوظ بنانے میں را یا کوئی بھی ملوث ہوا، اس کا تعاقب کریں گے ۔انہوں نے کہا اپوزیشن جتنا بھی زور لگا لے پی ٹی آئی کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔قبل ازیں سرکٹ ہائوس ملتان میں ضلعی محکموں کی کارکردگی کے بارے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا سابقہ ادوار میں ملتان میں عوامی امنگو ں کے مطابق ترقیاتی کام نہیں ہوئے ،ملتان کے فنڈز لاہور اور دیگر اضلاع میں منتقل کئے گئے جس سے یہاں کے عوام میں احساس محرومی پیدا ہوا، ماضی کی طرح ملتان سے سوتیلی ماں جیسا سلوک نہیں ہونے دیں گے ، ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں ساڑھے تین ارب روپے کی کرپشن سامنے آئی ہے جس کی تحقیقات پبلک اکائونٹس کمیٹی سے کرائی جائیں گی، ساڑھے تین ارب روپے کی کرپشن میں سابق سیاسی قیادت اور اعلیٰ افسران ملو ث تھے جن کے نام سامنے لائے جائیں گے ، کروڑوں روپے کے فنڈز ہونے کے باوجود واسا میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہو رہا۔ وزیر خارجہ نے ہدایات کی ملتان شہر کے 1 ارب 25 کروڑ کے واسا نادہندگان کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے ۔شاہ محمود قریشی نے سیوریج نظام اپ گریڈ کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کا حکم دیا۔وزیر خارجہ نے ہدایت کی کہ واسا ملتان میں سوریج لائن سے محروم علاقوں کی فوری فہرستیں فراہم کریں اور واسا کا ماسٹر پلان ترتیب دیکر ملتان شہر کی تمام آبادی کو سیوریج نظام سے منسلک کیا جائے ۔ شاہ محمود قریشی نے ہدایت کی کہ ضلع ملتان میں ارکان اسمبلی کی مشاورت سے زکوۃ کمیٹیوں کی تشکیل کا نوٹیفکیشن فوری جاری کیا جائے ، ماہ رمضان میں 15 کروڑ 29 لاکھ روپے سے زائد کی رقم فوری طور پرزکوٰۃ کمیٹیوں کے ذریعے تقسیم کی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے وزیر خارجہ اور ارکان اسمبلی کو ضلعی محکموں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی ۔