اسلام آباد،لاہور(سپیشل رپورٹر؍ لیڈی رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان کو وہ ملک بنائیں گے کہ ساری دنیا اس کی مثال دے گی، جس طرح ہم چل رہے تھے ، ہم غلط راستے پر چلے گئے ، اس لئے ہمیں اپنا قبلہ درست کرنا ہے ،ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہو رہا ہے ، ٹیکس کے پیسے ملک کو ٹھیک کرنے اور ماحول کو بہتربنانے پر خرچ کریں گے ،ساری قوم کو مل کر ماحولیاتی آلودگی کا مقابلہ کرنا ہو گا، پاکستان کی اگر ہم قدر کریں تو یہ سونا اگلے گا اور بڑا سیاحتی مرکزبن کر ابھرے گا، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں نیا تاریخی بلدیاتی نظام لے کر آ رہے ہیں، لوگ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم نے کہا اللہ کے حکم پر نہ چلنے والی قومیں برباد ہوجاتی ہیں، ہمیں دنیا میں ایسے کام کرنے چاہئیں جن کے اثرات سینکڑوں اور ہزاروں برس تک رہیں، جب کوئی قوم آنے والی نسلوں کے لئے نہیں سوچتی تو اس کے لئے بربادی ہی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا 35 سال قبل لاہور صاف ستھرا شہر تھا، آج وہاں پر سانس لینا بھی محال ہے ، لاہور دنیا میں دوسرا یا تیسرا آلودہ ترین شہر بن گیا، لاہور میں 70 فیصد درخت کاٹ دیئے گئے ۔ وزیراعظم نے کہا پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پہلی مرتبہ ایسا تاریخی بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس میں لوگ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے ، نئے بلدیاتی نظام کے تحت گاؤں کے لوگ بھی اس میں بھر پور حصہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا سندھ میں ہماری حکومت نہیں ہے تاہم سندھ نے ترقی کرنی ہے تو یہی بلدیاتی نظام اپنانا ہو گا، اس کے بغیر وہ ترقی نہیں کر سکتے ۔ وزیراعظم نے کہا نیا پاکستان کے نظریے کو سمجھنے کی ضرورت ہے ، نئے پاکستان کے لئے پہلے ذہنوں میں تبدیلی آئے گی۔انہوں نے کہا خوشی ہے کہ لوگوں نے ٹیکس دینا شروع کردیا ہے اورٹیکس کے پیسے عوام اور ماحول پر خرچ کئے جائیں گے ۔ دریں اثنا وزیراعظم نے کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس ایپ کا افتتاح کیا، اس ایپ کے ذریعے ملک کے مختلف 19 شہروں کی صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادوں پر درجہ بندی مرتب کی جائے گی۔وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا حزب اختلاف اپنی خفگی مٹانے کے لئے اے پی سی اور احتجاج کر رہی ہے تاہم عوام نے حزب اختلاف کے احتجاج کو مسترد کر دیا، اسے 4 سال انتظار کرنا پڑے گا۔معاشی ٹیم نے معیشت میں حاصل کامیابیوں پر شرکا کو بریفنگ دی۔ اٹارنی جنرل نے فارن فنڈنگ کیس پر بھی ترجمانوں کو بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے فارن فنڈنگ کیس پر حقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کر دی۔عمران خان نے کہا حزب اختلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق عوام کو گمراہ کر رہی ہے جبکہ ہم نے الیکشن کمیشن میں سب تفصیلات جمع کرائی ہیں، تحریک انصاف کا دامن صاف ہے لیکن دونوں بڑی جماعتوں کے رہنمائوں نے منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ بنایا۔ دونوں بڑی جماعتوں کے رہنماں نے منی لانڈرنگ سے پیسہ بنایا۔وزیر اعظم نے پارٹی ترجمان کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو حقائق سے آگاہ کریں۔عمران خان نے کہا اچھا وقت شروع ہونے والا ہے ، اپوزیشن کو اب اگلے الیکشن کا انتظار کرنا ہو گا ۔وزیر اعظم نے کہا گڈگورننس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، وزرائکی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔علاوہ ازیں وزیر اعظم سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے الودعی ملاقات کی۔وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے ملک کے لئے ان کی طویل شاندار خدمات کو سراہا۔ مزیدبرآں وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 24 گھنٹے میں دوسری بار ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں انتظامی عہدوں پر تبدیلیوں کیلئے فہرست تیار کر لی گئی۔ چیف سیکرٹری، 7 سیکرٹریز، 4 کمشنرز، 15 ڈی پی اوز، 1آر پی او اور 17 ڈپٹی کمشنرز کی تبدیلی زیر غور ہے ۔وزیراعظم سے منی گرام کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور چیئرمین ولیم الیگزنڈر ہولمز کی قیادت میں وفد نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا حکومت باقاعدہ چینلز کے ذریعے زیادہ ترسیلات زر بھجوائے جانے کے حوالے سے پرکشش پیکیج پر غور کر رہی ہے ۔وزیراعظم سے وزیراعظم معائنہ کمیشن کے چیئرمین احمد یار ہراج بھی ملے ۔وزیراعظم سے بابراعوان نے ملاقات کی جس میں فارن فنڈنگ کیس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم سے اقوام متحدہ کے سابق انڈر سیکرٹری جنرل اور چین پاکستان دوستی ایسوسی ایشن کے موجودہ صدر، سفیر شا زوکانگ بھی ملے ۔ عمران خان نے چینی وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے پاک چین تعلقات کی قربت اور گہرائی پر روشنی ڈالی۔ وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے مطابق چینی وفد نے پشاور کا دورہ کیا اور آئندہ چند روز میں لاہور،کراچی اور گوادر کا بھی دورہ کرے گا۔