لاہور (اپنے خبر نگار سے ؍اپنے رپورٹر سے ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نظام بدلنے کے لئے جدو جہد جاری رکھے ہو ئے ہے ، اپوزیشن مائنس ون کی بات کرتے کرتے خود مائنس ہو گئی، پہلے نواز ،پھر شہباز اور اب مریم نواز بھی مائنس ہو گئی ہیں، اپوزیشن کو اپنے لیڈر کی تلاش ہے ، اپوزیشن کو بطور وزیر اعظم عمران خان کو ہی قبول کرنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار فواد چودھری نے پی سی ایس آئی آر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کے گلے شکوے دور کئے جا سکتے ہیں، الیکشن کمیشن کا معاملہ امید ہے اتفاق رائے سے حل ہو جا ئے گا۔ انہوں نے مزید کہا حکومت، فوج اور عدلیہ کو حقیقت کا ادراک کرتے ہو ئے آگے بڑھنا ہو گا، طلبہ یونینز کو بحال ہونا چاہئے لیکن اس کے لئے قواعد و ضوابط ہونے چاہئیں۔نجی ٹی وی کے مطابق فواد چودھری نے کہا آرمی چیف کے معاملے پر سیاست سے بالاتر ہو کر بات کرنی چاہئے ، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آ جائے تو پھر حکومت اس پر فیصلہ کرے گی، پارلیمنٹ سپریم کورٹ کے ماتحت نہیں، تاہم پارلیمان کیسے سپریم ہو سکتی ہے ،اگر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں کچھ اداروں کے بجٹ ڈسکس نہ ہو سکیں، پاکستان میں تاثر ہے کہ ادارے ایک دوسرے کے اختیارات لینے کی کوشش کرتے ہیں، یہاں سیاستدانوں پر بحث ہو سکتی ہے لیکن فوج اور عدلیہ پر عام بحث نہیں ہو سکتی۔فواد چودھری نے کہا ملک میں وزرائے اعلیٰ کا احتساب کوئی نہیں ہے ، سندھ میں مراد علی شاہ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ وہاں کے عوام نے کرنا ہے ۔فواد چودھری نے مزید کہا مزید 10 سیاستدانوں کے میڈیکل چیک اپ ہونے جا رہے ہیں، شہباز شریف باہر چلے گئے ہیں اور آصف زرداری کا کیس بھی اس جیسا ہے ،شہباز شریف کو پہلے واپس آنے میں 5 سال لگے ، اب کی بار شاید 15 سال لگیں، کے پی حکومت کو پی آر ٹی منصوبے کی شفاف تحقیقات میں رکاوٹ نہیں بننا چاہئے ۔علاوہ ازیں فواد چودھری نے جیلانی پارک میں سالانہ گل داؤدی نمائش کا دورہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے فواد چودھری نے کہا پاکستان میں بائیو ہربل پارک بنائیں گے ، جو دنیا کا سب سے بڑا پارک ہوگا۔