اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک، 92 نیوزرپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی تحریک کو عوام دشمنی قراردیدیا۔وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی اورپارٹی ترجمانوں کااجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی ،سیاسی،معاشی اورکوروناکی صورتحال پرگفتگوبھی کی گئی،اجلاس میں اسرائیل کوتسلیم کرنے کے حوالے سے چلنے والی خبروں پربھی تبادلہ خیال کیاگیا، وزیراعظم نے کہا پاکستان اسرائیل کوتسلیم نہیں کررہا،فلسطینیوں کوحقوق ملنے تک اسرائیل کو تسلیم کرنے کاسوچابھی نہیں جاسکتا،اسرائیل سے متعلق اسی پالیسی پرعمل پیراہیں جوقائداعظم نے دی، اپوزیشن جتنے مرضی جلسے کر لے ، این آراونہیں ملے گا،اپوزیشن کوصرف اپناخیال ہے لوگوں کی فکرنہیں،پی ڈی ایم کوموجودہ حالات میں جلسے بندکردینے چاہئیں،اپوزیشن کی تحریک سے حکومت نہیں بلکہ معیشت اور عوام کو خطرات لاحق ہیں،چوری کے پیسے چھپانے کیلئے لوگوں کوکوروناکے رحم و کرم پرچھوڑاجارہاہے ،ایک لیڈرلندن میں چھپ کربیٹھا ہے اورلوگوں کوجلسوں میں بلایا جا رہا ہے ،دنیاکوروناسے لڑرہی ہے اور یہاں قوم کاتماشاپوری دنیامیں بنایاجارہاہے ۔اجلاس میں معیشت کی صورتحال پروفاقی وزیرحماداظہر،یواے ای میں لیبرویزے سے متعلق معاملات پرمعاون خصوصی زلفی بخاری نے اجلاس کے شرکاکو بریفنگ دی۔زلفی بخاری نے بتایا لیبرویزے پریواے ای نے کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں لگائی۔وفاقی وزیر حماد اظہر نے مہنگائی کے معاملے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا پورے ملک میں وافر چینی موجود ہے ، یوٹیلٹی سٹورز پر چینی 68 روپے کلو دستیاب ہے ،اس بار کرشنگ میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہوئی۔بابراعوان نے پارلیمانی امورسے متعلق بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم نے احساس ادائیگی سنٹر کا دورہ کیا ۔وزیر اعظم کو’’ احساس ون وومین ون بینک اکاؤنٹ" کا ٹرائل رن بھی دکھایا گیا ۔ وزیر اعظم کو ادائیگی کے نظام میں شفافیت، تحفظ اور بے ضابطگیوں سے بچاؤ کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ معاونِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو ادائیگیوں کا معیار بہتر بنانے اور سائبر حملوں کیخلاف تحفظ یقینی بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ احساس کفالت کی ادائیگی مختلف مراحل میں کی جائے گی۔ پہلے مرحلے کا آغاز ہو چکا جس کے تحت 43 لاکھ مستحق خواتین کو ادائیگی شروع ہوگئی ۔ ہر وصول کنندہ کو 12 ہزار روپے دیئے جائیں گے ، یہ رقم جولائی تا دسمبر 2020 کے عرصہ کیلئے ہے ۔ خواتین کی سہولت کیلئے احساس ڈیجیٹل پروگرام متعارف کرایاگیا، خواتین کوبینکوں کے چکرنہیں لگانے پڑیں گے ، خواتین اپنے رقم بھی یہاں محفوظ کرسکیں گی، ڈیجیٹل پروگرام سے فراڈالرٹ کومزیدموثربنادیا گیا ہے ،خواتین کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل والٹ فراہم کردئیے گئے ۔ وزیر اعظم سے معروف صنعتکاروں نے ملاقات کی۔وفد میں اعظم فاروق (چراٹ سیمنٹ)، بشیر علی محمد (گل احمد)،محمد علی تابہ (لکی سیمنٹ)، ثاقب شیرازی (ہنڈا اٹلس)، فواد مختار (فاطمہ فرٹیلایزر) ،عارف حبیب (عارف حبیب گروپ لمیٹڈ) اور حسین داؤد (اینگرو کارپوریشن) شامل تھے ۔وفد کے شرکا نے حکومتی پالیسیوں پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے معیشت کی بہتری کیلئے اپنے خدمات پیش کیں۔ وزیر اعظم نے کہا حکومت کا کام صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے آسانیاں اور سہولتیں فراہم کرنا ہے ،ملکی ترقی و خوشحالی صنعتی شعبے اور کاروباری طبقے کی ترقی سے وابسطہ ہے ۔ وزیر اعظم نے صنعتکاروں سے زراعت کے شعبے میں جدت لانے اور مختلف فصلوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے بڑے پیمانے پرکارپوریٹ فارمنگ شروع کرنے کیلئے تجاویز مانگ لیں۔ وزیر اعظم سے سابق وزیراعظم و صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے ملاقات کی ۔وزیراعظم نے کہا ہم کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں اور انکی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے ۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے اور بھارت کو دفاعی پوزیشن پر لائیں گے ۔آئندہ کشمیر پر مذاکرات سہ فریقی ہوں گے اور ان میں کشمیری بھی شریک ہونگے ۔ بیرسٹر سلطان محمود نے وزیر اعظم کو گلگت بلتستان انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر مبارکباد دی اور آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات میں کی جانے والی کوششوں، پارٹی کے تنظٰیمی امور پربریفنگ دی۔وزیر اعظم نے بیرسٹر سلطان محمود کو ہدایت کی کہ وہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی انتخابی مہم شروع کر دیں۔وزیر اعظم نے بیرسٹر سلطان محمود کی آزاد کشمیر میں انصاف ہیلتھ کارڈ کے اجرا کی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔ وزیرِ اعظم سے قائدِ ایوان سینٹ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے ملاقات کی۔ملاقات میں ایوانِ بالا میں شوآف ہینڈز سے انتخابات،قانون سازی میں سینٹ کے کلیدی کردار اور اسکو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ وزیرِاعظم نے کہا شوآف ہینڈز سے انتخابی عمل میں شفافیت اور ہارس ٹریڈنگ کی روک تھام ممکن ہو سکے گی۔وزیر اعظم سے گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے انصاری برادران بشمول ممبر پنجاب اسمبلی اشرف انصاری نے ملاقات کی۔انصاری برادران نے وزیرِ اعظم کے وژن کو خطے میں دیر پا امن اور پاکستان کو خارجی محاذ پر نمایاں کامیابیاں دلانے کا ضامن قرار دیا۔ وزیراعظم سے معروف امریکی گلوکارہ چیر نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے امریکی گلوکارہ کی کاون ہاتھی کی کمبوڈیامنتقلی میں کرداراداکرنے پرتعریف کی۔وزیراعظم نے امریکی گلوکارہ کوماحول کے تحفظ میں حکومتی اقدامات میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔