ملتان(سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام سے لا تعلق نہیں،عوام کی پریشانیوں کا احساس ہے ،عوام کا ساتھ نبھانے اورمہنگائی کا تدارک کرنیکی بھرپورکوشش کر رہے ہیں۔ کورونا کے باعث گزشتہ دو سال سے عالمی معیشت بھی بحرانو ں کی زد میں ہے ۔ 2023ء سے قبل مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں گے ۔ مشکلات عارضی ہیں وطن کی مٹی سے پیار ہے ، وطن میں رہنا ہے ۔ ملک سے وفا کرنا جانتے ہیں، بیرون ملک کوئی فلیٹس ہیں نہ اکاؤنٹس اور نہ ہی کسی کا باہر جانے کا پروگرام ہے ۔ عوام میں سے ہیں اور عوام کے ساتھ ہی رہیں گے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ پرائمری سکول اعوان پورہ کی مڈل سکول میں اپ گریڈیشن اور این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں میں تقریبات سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ مشکلات آتی رہتی ہیں اور انشاء اللہ ختم ہوجائیں گی۔ تمام بحرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ اپوزیشن جتنے مرضی مارچ کر لے ، ان ہاؤس تبدیلی آئیگی نہ حکومت ختم ہوگی،اپوزیشن کو شکست ہوگی۔ تحریک انصا ف کی جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کریگی۔انہوں نے کہا کہ ہماری نیت درست،دامن صاف، ہاتھ صاف ہیں۔ تحریک انصا ف کی حکومت کا ایک بہت بڑا کریڈٹ ہے کہ کسی قسم کا کرپشن کا سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ وزیراعظم عمران خان کی کرپشن کے حوالے سے زیروٹالرنس کی پالیسی قابل تحسین ہے ۔ ماضی میں کرپشن اور اپنو ں کو نوازنے کے چکرمیں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا۔ بیرون ملک جائیدادیں بنائی گئیں۔فارن کرنسی اکاؤنٹ کھولے گئے ۔ماضی کے حکمران دوران اقتدار ملک میں رہے اور اقتدار کے بعد بیرون ملک جا کر لوٹے گئے پیسوں سے عیاشی کی گئی مگر اب ایسا نہیں ہے ،موجودہ حکومت شفافیت پر یقین رکھتے ہوئے قومی خزانے اور وسائل کو عوامی ترقی پر صرف کررہی ہے ۔ پہلی مرتبہ عوام کا پیسہ حقیقی معنوں میں عوام کی ترقی پر صرف ہو رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ وسائل کے مقابلے میں مسائل زیادہ ہیں جو راتوں رات حل نہیں ہوسکے ، عوام کے مسائل اور پریشانیو ں کا ادراک ہے جنہیں حل کرنے کیلئے کوشش کررہے ہیں۔ 2018ء کے انتخابات کے دوران عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کر رہے ہیں۔ 5سال خلوص نیت سے تمام وسائل اور توانائیاں عوامی ترقی پر صرف کریں گے اور 2023ء کی عوامی عدالت میں 5سالہ کارکردگی کی بنیاد پر جائیں گے اور 2023ء کے انتخابات میں بھی تحریک انصاف ملک بھر میں پھرپور کامیابی حاصل کریگی۔ وزیر خارجہ دربار حضرت موسیٰ پاک کے سجادہ نشین مخدوم سید ابوالحسن گیلانی کی رہائش گاہ پر گئے اورانکے بھائی مخدوم میراں مصطفی کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی۔