لاہور(گوہر علی)اپوزیشن کی پنجاب اسمبلی کا بار بار اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن دینے کی وجہ سے پنجاب اسمبلی میں بزنس جمع ہونے میں نمایاں کمی شروع ہوگئی ،اپوزیشن کی ریکوزیشن کی وجہ سے اراکین نے اہم معاملات پر بزنس جمع کرانے سے گریز کرنے لگے ، باربار ریکوزیشن سے اراکین اسمبلی بزنس ضائع ہونے پر سخت غصہ کا اظہار کرنے پر مجبور ہوگئے ، پنجاب اسمبلی کی اب تک اپوزیشن کی ریکوزیشن پر 4 اجلاس منعقد ہوچکے ، ان اجلاسوں کادورانیہ 8 گھنٹہ سے بھی کم ہے لیکن چاہے ایک منٹ کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوتو اراکین اسمبلی کا جمع کرایا گیا بزنس ضائع ہوجاتا ہے اور اجلاس ختم ہونے کے بعد انہیں یہ بزنس دوبارہ جمع کرانا پڑتا ہے ، ابھی 15جولائی کو اپوزیشن کی ریکوزیشن پر پنجاب اسمبلی کا منعقدہ اجلاس کچھ دیر ہی چل سکا جس میں ایجنڈے پر بھی اظہار خیال نہ ہوسکا اس تھوڑی دیر کے اجلاس نے اراکین اسمبلی کا جمع کرایا گیا بزنس ضائع کردیا اور اب اراکین اسمبلی اپنا بزنس دوبارہ جمع کرانے کی تیار ی کررہے تھے کہ اپوزیشن نے اجلاس بلانے کیلئے دوبارہ ریکوزیشن جمع کرادی جس پر اراکین اسمبلی نے سخت غصہ کا اظہار کیا۔