لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے 92 نیوز کے پروگرام ’’ 92 ایٹ 8‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں اختلاف رائے بہت واضح طورپر موجود ہے ۔تحریک عدم اعتماد کی بات پر ن لیگ نے کہا کہ کیا ان کے پاس بندے پورے ہیں،سینٹ کے الیکشن میں ان کے پاس کمرے کے اس طرف 65لوگ موجود تھے مگر دوسری طرف جا کر 16لوگ کم ہوگئے ۔ایک بات طے ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ حکومت کو دائو پر نہیں لگائے گی ۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سیاست میں پہلی مرتبہ غلطی کرنے جارہے ہیں، وہ سیاست سے ناک آئوٹ ہونے جارہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ پانامہ ٹو بننے جارہا ہے یا پھر پانامہ پلس ہوگا،براڈ شیٹ پر کمیٹی 45دن کام کرے گی۔اس کیس میں بڑے بڑے نئے انکشافات ہونگے اور کئی بڑے نام سامنے آئینگے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میری وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دوسرے لوگوں سے ملاقات ہوئی ۔سینٹ الیکشن میں پنجاب میں پی ٹی ا ٓئی کی ایک سیٹ زیادہ دیکھ رہا ہوں۔سینٹ الیکشن میں جتنی سیٹیں ہیں اتنے ہی امیدوار کھڑے ہونے چاہئیں، فالتو امیدوار کھڑے ہی نہیں ہونے چاہئیں تاکہ خریدوفروخت نہ ہو۔مارچ کے پہلے ہفتے تک سینٹ الیکشن ہوجائینگے ۔15مارچ تک سینٹ میں نئے چہرے سامنے آجائینگے ۔مسئلہ کشمیر پر وزیر اعظم عمران خان کا کردار سب کے سامنے ہے ۔فرانس کے سفیر کو ملک سے بے دخل کرنے کے معاملے پر جو وعدہ تحریک لبیک سے ہوا ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملے پران سے بات چیت ہو۔نورالحق قادری ان سے رابطے میں ہیں ۔ہماری خواہش ہے کہ مذاکرات کے ذریعے اس کا کوئی حل نکالا جاسکے ۔عمران خان کی پوری کوشش ہے کہ مہنگائی کا کوئی حل تلاش کیا جائے ۔