فیصل آباد(جنرل رپورٹر،وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے سڑکوں پر آنا ہوتا تو آچکی ہوتی۔فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایوان چلانا صرف ہماری نہیں اپوزیشن کی بھی ذمہ داری ہے ۔جب بھی وزیراعظم ایوان میں آتے ہیں ایوان مچھلی منڈی بن جاتا ہے ۔وزیر اعظم کے آنے پر یہ لوگ بدتمیزیاں کرتے ہیں ۔ ایوان کو ریگولیٹ کرنا چاہیے ۔ ایک تقریر ہم کریں، ایک وہ کریں۔فواد چودھری نے کہا اگر اپوزیشن نے سڑکوں پر آنا ہوتا تو آچکی ہوتی، ان کے پاس اپنے گھر میں چائے پلانے کیلئے بندے نہیں ہیں وہ بندے کہاں سے لائیں گے ۔ الیکشن سے پہلے وعدہ کیا تھا سارے ڈاکو جیل میں ہوں گے ، دوسرا وعدہ چوروں سے پیسے نکلوانے کا تھا اس پر بھی کام ہو رہا ہے ۔آدھی سے زیادہ اپوزیشن جیل میں ہے ، باقی بھی چلے جائیں گے ۔ ناراض اتحادی اختر مینگل کو منالیں گے ۔بجٹ آسانی سے پاس ہوجائے گا۔ بجٹ کے اوپر اپوزیشن شہبازشریف کی تقریر سننے کو تیار نہیں، آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق اسد قیصر بتا سکتے ہیں۔انہوں نے سائنس سنٹر اور زرعی یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا اور زراعت کی ترقی کیلئے ایگرکلچر ٹاسک فورس بنانے کا اعلان کیا۔