پشاور(92نیوز) وزیر دفاع اورحکومتی مذاکرتی کمیٹی کے چیئرمین پرویز خان خٹک نے کہا ہے اگر عمران خان کا استعفیٰ اور ملک میں مڈ ٹرم الیکشن ان کا ایجنڈا ہے تو اس پر تو بات ہی نہیں ہوسکتی، ہماری کمیٹی کے ممبران اپوزیشن جماعتوں سے رابطے میں ہیں، غفور حیدری نے حکومتی کمیٹی کو بات چیت کی دعوت دی ، بیٹھ کر کوئی نتیجہ نکا ل لیں گے ۔ نوشہرہ میں جلسے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاملک نازک دور سے گزر رہا ہے ، اپوزیشن کو بھی دھرنوں اور احتجاج کے بجائے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر توجہ دینی چاہیے ، د ھر نے کی آڑ میں ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو تمام ذمہ داری مولانا فضل الرحمن اورا پوزیشن جماعتوں پر ہوگی، حکومت انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل اور تمام وسائل غریب عوام پر خرچ کرنا چاہتی ہے ۔ کرپشن ،لوٹ کھسوٹ کادور ختم ہوچکا، کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔ ملک مزید تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔