لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر خطرناک رخ اختیار کر چکی ہے ۔کورونا کی اس لہر میں غیر روایتی علامتیں سامنے آرہی ہیں، احتیاط بے حد ضروری ہے ۔ کورونا تقریبا ختم ہونے کے قریب تھا، اپوزیشن کی بد تدبیرینے دوبارہ زندگی دی۔انہوں نے کہا کہ مسترد شدہ عناصر نے پہلے کرپشن کا وائرس پھیلایا اور اب یہ کورونا پھیلارہے ہیں ۔پی ڈی ایم عوام کی زندگیوں سے کھیلنے سے باز رہے ۔ اپوزیشن کورونا وباء کے دوران قومی ذمہ داریوں کا ادراک کرنے سے قاصر ہے ۔عوام کو کورونا سے بچانا ضروری ہے نہ کہ بے وقت جلسے ۔ حکومت کورونا کی دوسری لہر کو روکنے کیلئے کوشاں ہے اور مسترد شدہ عناصر جلسہ کی سیاست کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی موجودہ صورتحال میں جلسوں کا رتی بھرجواز نہیں ۔حکومت انسانی جانوں سے کھیلنے ہرگز اجازت نہیں دے گی ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ذاتی طور پر انسداد پولیو مہم کی بھرپور مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران بہتر کارکردگی پر متعلقہ اضلاع کو انعام دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسینیشن کو موثر بنانے کیلئے مزید 2 ہزار ویکسینیٹرز بھرتی کئے جائیں گے ۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ لاہور اور جنوبی پنجاب کے بعض متاثرہ اضلاع میں انسداد پولیو مہم پر خصوصی توجہ دی جائے ۔پولیو ہمارے لئے نیشنل چیلنج ہے ، ہر صورت قابو پانا ہے ۔