لاہور(وقائع نگار) گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بندنہیں ہوئے ۔مولانا فضل الر حمن کو لانگ مارچ کی اجازت دی تھی اب اپوزیشن جماعتوں کی راہ میں بھی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے ۔نیب حکومت نہیں اور حکومت نیب نہیں۔کس کو کب بلانا ہے ، کس کو کب گر فتار کر نا ہے یہ حکومت کانہیں نیب کا معاملہ ہے ۔ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پاکستان ڈیری ایکسپو 2020ء میں شر کت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے دیکھا جب مولانا فضل الر حمن نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کیا تو ہم نے انکی کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی بلکہ سکیورٹی سمیت تمام سہولتیں فراہم کیں اور حکومت کسی بھی طرح ان سے خوفزدہ نہیں ہوئی اس لیے اب اگر اپوزیشن کی دیگر جماعتیں بھی احتجاج اور لانگ مارچ کرنا چاہتی ہیں تو ہم انکی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج اور مارچ ان کا جمہوری حق ہے ۔ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب نے کہا کہ حکومت متحد اور مضبوط ہے وہ اپوزیشن کے کسی لانگ مارچ سے جانیوالی نہیں۔