اسلام آباد، ملتان (خصوصی نیوز رپورٹر،سپیشل رپورٹر،اے پی پی،92 نیوز رپورٹ) وفاقی وزرا شاہ محمو دقریشی ، شیخ رشید،وزیر مملکت فرخ حبیب اور معاون خصوصی شہباز گل نے اپوزیشن کے جلسوں اور اعلانات پر تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن لٹیروں کا ٹولہ ہے جس نے قومی خزانہ لوٹا، ان کی ایک ہی فریاد ہے کہ ہمیں’’ این آر او‘‘ دو،اداروں کو چوراہوں پر ڈسکس کرینگے تو دھوبی گھاٹ والا سلوک ہوگا۔ ملتان میں اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ووٹ کو عزت دوکا نعرہ لگانے والوں نے ووٹرز کی عزت کو پامال کیا۔ گزشتہ 30 سال میں پی پی، ن لیگ نے ووٹرز کو کیا دیا؟ پی پی، ن لیگ نے قومی خزانہ لوٹ کر ووٹرز کا معاشی قتل کیا۔پی ڈی ایم لٹیروں کاٹولہ جو خود چور اور لٹیرے ہوں وہ کیسے احتساب کر سکتے ہیں اور کس منہ سے احتساب کی بات کرسکتے ہیں۔پی ڈی ایم کا ٹولہ چور مچائے شور کے فارمولے پر عمل پیرا ہے ۔ دراصل شور مچاکر وہ احتساب سے بچنا چاہتے ہیں۔ایک بار پھر کہہ رہے ہیں جس نے ملک لوٹا، قومی خزانہ پہ ڈاکہ ڈالا اسے بلا تفریق و بلا امتیاز احتساب کا سامنا کرنا ہوگا۔ چاہے اس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت یا گروہ سے ہو۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سابقہ حکمرانوں کا دیا ہوا تحفہ ہے ۔ معیشت کی مضبوطی کیلئے کوشش کررہے ہیں، مشکلات عارضی ہیں۔ غربت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ حکومت کو لوگوں کی مشکلات اور مسائل کا احساس ہے ۔ معاشی ناہمواری غربت میں اضافے کا سبب بن رہی ہے ۔ ادھروفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کی حکومت5سال پورے کریگی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافہ ہوا، حکومت کی پوری کوشش ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف دے ،عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں نالائق اور نکھٹو اپوزیشن ملی۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ مریم نواز کی گزشتہ روز کی تقریر سے لفظ عمران خان نکال دیا جائے تو اس میں کچھ نہیں تھا، یہ صرف الٹی گردان تھی،لندن میں بیٹھ کر خون کے آنسو رونے کی نواز شریف کو کوئی ضرورت نہیں وہ مگرمچھ کے آنسورورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ،عمران خان کہیں نہیں جارہے ، اللہ کے حکم اور نبی کریم ؐکے صدقے پانچ سال پورے کریں گے ،آئندہ انتخابات کی تیاری کریں گے ، فیصلہ عوام کریں گے ۔انہوں نے کہا مہنگائی کا اعتراف ہے ، ساری دنیا میں تیل اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ،اس پر قابو پانے کیلئے پوری کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈالر کی قدر میں اضافہ کے حوالے سے چار پانچ بڑی ایکسچینج ایجنسیوں کا آڈٹ کرا رہے ہیں،24 لوگوں کو پکڑا۔ڈالر کی افغانستان سمگلنگ اور افغانستان کے حالات بھی اسکی ایک وجہ تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جب پورے خطے میں ہر طرف دہشتگردی کی لہر ہے ،ایسے میں خود بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھ کر لوگوں کو ساتھ دوڑانا کوئی دانشمندی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آبادجلسہ میں پاک فوج کیخلاف زبان سیاسی ناپختگی اور غیر دانشمندانہ تھی۔مریم نواز قومی اداروں کو دھوبی گھاٹ پر زیر بحث نہ لائیں،اداروں کو چوراہوں پر ڈسکس کرینگے تو دھوبی گھاٹ والا سلوک ہوگا ۔ادھر وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بلاول بھٹوکے خطاب پراپنے ردعمل میں کہاہے کہ سندھ میں غربت، بے روزگاری کی انتہا ہے ، بلاول بھٹو حکومت کیخلاف تحریک چلانے کی بجائے سندھ کے عوام کیلئے کچھ کریں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ روٹی، کپڑا مکان کی آڑ میں کرپشن کو دوام بخشااور جعلی اکائونٹس بنائے ،سندھ بھر میں 20کلو آٹے کا تھیلا 1400 سے 1500روپے میں مل رہا ہے ،سندھ میں حکومت نام کی چیز نظر نہیں آرہی، پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کو ٹینکر اور ذخیرہ اندوز مافیا کے حوالے کردیا ،فرخ حبیب نے کہاآج پاکستان جن بیرونی قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے اسکی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہے ، دنیا میں کھانے پینے کی اشیا میں 40 فیصد اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوا ،وزیراعظم کی ہدایات ہیں کہ عوام کو ریلیف اور سہولیات فراہم کی جائے ،ہم نے اپنے ٹیکسز میں بتدریج کمی کرکے پورا بوجھ عوام تک منتقل نہیں ہونے دیا، کم آمدن گھروں کا منصوبہ ان لوگوں کیلئے ہے جو آج تک چھت سے محروم ہیں،اُن کو ٹائیگر فورس ہضم نہیں ہورہی جنہوں نے ہمیشہ غنڈا فورس تیار کی۔ دوسری جانب معاون خصوصی شہبازگل نے مریم نواز کے بیان پرردعمل میں کہا کہ نااہل اپوزیشن کا پروپیگنڈا نام نہاد سیاست کی بقا کیلئے ہے ۔ اس وقت دنیا معاشی بحرانوں کی زد میں ہے ۔ عالمی سطح پر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں 10 سال کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ عوام نے باریوں کی سیاست ختم کر کے عمران خان کو اقتدار سونپا۔کرپٹ اپوزیشن کی ایک ہی فریاد ہے ’’این آر او‘‘دو۔ کیلبری کوئین سیاست پر بدنما دھبہ ہیں۔ نااہل مفرور جھوٹ، فریب اور خریدوفروخت کی سیاست کے چیمپئن رہے ۔ڈاکٹر شہباز گِل نے فضل الرحمن کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ ملک میں عوام نہیں اپوزیشن کی چیخیں نکل رہی ہیں، مولانا کی چیخ و پکار احتساب کی وجہ سے ہے ، اپوزیشن کورونا سے شروع ہو کر آج مہنگائی پر گھٹیا سیاست میں مصروف ہے ۔ پوری دنیا تیل بحران اور مہنگائی کا شکار ہے ۔ہماری عوام نے کورونا کا مقابلہ کیا، مہنگائی کو بھی ہرا ئینگے ۔