لاہور، اسلام آباد،راولپنڈی، ملتان،کراچی (سٹاف رپورٹر ،خبر نگار خصوصی،رپورٹر 92نیوز،خبر نگار)متحدہ اپوزیشن کی ر ہبر کمیٹی کی اپیل پرآزدی مارچ پلان سی کے تحت ملک بھر میں ہر جمعہ کو احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے زیر اہتمام میں لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مسلم لیگ (ن) ،جمعیت علماء اسلام (ف)، عوامی نیشنل پارٹی اور مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنمائوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔مظاہرین نے کتبے اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر وزیر اعظم عمران خان کے استعفی کے نعرے درج تھے ۔ شرکا نے ’’مک گیا تیرا شو نیازی، گو نیازی گو نیازی ‘‘ کے نعرے لگائے ۔مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہمارا مطالبہ ہے سلیکٹڈ وزیراعظم استعفی دیں ۔ اگلے سال انتخابات ہونگے کوئی طاقت اسے نہیں روک سکتی۔جمعیت علماء اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا انتخابات 2018ء کو تمام سیاسی جماعتوں نے مسترد کردیا اور حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کیا۔مارچ سے حکومت ہل گئی ہے ۔ میری چھٹی حس کہہ رہی ہے عمران خان کی مستقل چھٹی ہونے والی ہے ۔ہمارے بہت سے مطالبات منظور ہوگئے صرف استعفی رہ گیا۔اب فضائیں تبدیل ہورہی ہیں یہ مولانا فضل الرحمن کے مارچ کا نتیجہ ہے ۔پرویز ملک نے کہا حکومت معاشی محاذ پر اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ۔ جلد عوام کو جعلی حکمرانوں سے چھٹکارا مل جائے گا۔مولانا امجد خان نے کہا ہمارا پلان اے اور بی کامیاب رہا اور اب ہم پلان سی کی طرف جارہے ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے پرامن مارچ کرکے دنیا پر واضح کردیا ہم امن پسند ہیں۔ ہماری پرامن تحریک آگے چلتی رہے گی۔ قوم کو جلد خوشخبری ملنے والی ہے ۔خواجہ عمران نذیر نے کہا جو لوگ یوٹرن لینے کو لیڈری سمجھتے ہیں ان پر لعنت بھیجتے ہیں ۔تم نے قوم کوٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا۔ میاں وحید نے کہا عمران نیازی سن لو آپ نے نیب کے ذریعے پی پی پی اور ن لیگ پر ظلم کیا اب آپ کی باری آنے والی ہے ۔ مظاہرین سے دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مقررین نے کہا عمران خان نے ملک کی معیشت تباہ کر دی ہے ، اس کا پیچھا نہیں چھوڑ یں گے ، نااہل حکومت اور وزیر اعظم کو جلد جانا ہوگا، آزادی مارچ ختم نہیں ہوا یہ جلد منطقی انجام تک پہنچنے والا ہے ۔مفتی کفایت اللہ نے کہا ہم تو عمران خان کی غیرت کو چیک کرنا چاہتے تھے کہ وہ لوگوں کے استعفے مانگنے پر استعفی دیتا ہے یا نہیں۔ امیر جے یو آئی اسلام آباد مولانا عبدالمجید ہزاروی نے کہا آئندہ ہر جمعہ کو احتجاج ہوا کرے گااور یہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک عمران خان استعفی نہیں دے دیتا ۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عبدالقیوم اچکزئی نے کہا عمران خان کو اب استعفی دینا ہی ہوگا ۔مظاہرین نے گوعمران گو اور مک گیا تیرا شو نیازی گونیازی گونیازی کے نعرے لگا ئے اور ہر جمعہ کو احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ راولپنڈی میں پر یس کلب کے قریب جے یو آئی اورجے یو پی کے کارکنوں نے پرامن احتجاج کیا۔ امیر جے یو آئی پنجاب ڈاکٹر عتیق الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم اپنے بیانیہ پر قائم ہیں ۔ہم دھندلی زدہ حکومت کو تسلیم نہیں کرتے ۔ ملتان میں منطور آباد چوک پر اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ جلسہ کیا ۔جلسہ میں پیپلز پارٹی، ن لیگ کے عہدیدران و کارکنان نے شرکت کی ۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر جمعیت علماء اسلام ملتان مولانا ایاز الحق قاسمی ،پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم اور دیگر نے کہا عمران خان سلیکٹ ہو کر آئے ہیں اسلئے ان کی حکومت کو جانا ہوگا۔دریں اثناء جے یو آئی کے مولانا راشد سومرو،پیپلزپارٹی کے وقارمہدی،عوامی نیشنل پارٹی کے شاہی سید، مسلم لیگ ن کے علی اکبرگجر،جے یوپی کے مفتی غوث صابری،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے نذیر جان،جمعیت اہلحدیث کے مولانا یوسف قصوری،نیشنل پارٹی کے رمضان میمن،قومی وطن پارٹی کے عبدالقیوم ایڈووکیٹ اوردیگرنے جمعہ کو کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سندھ کی 9 سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیزکانفرنس کراچی کے مقامی ہوٹل میں جے یوآئی کے صوبائی سیکرٹری جنرل راشد محمود سومرو کی صدارت میں ہوئی،جس میں صوبائی سطح پررہبرکمیٹی تشکیل دی گئی۔مولانا راشد محمود سومرو رہبرکمیٹی کے کنوینر جبکہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے صوبائی صدوروجنرل سیکریٹریز رہبرکمیٹی میں شامل ہونگے ۔آل پارٹیز کانفرنس میں شریک 9 اپوزیشن جماعتوں کے صوبائی قائدین نے واضح کیا کہ دھاندلی کی بیساکھی پرقائم حکومت کی جڑیں آزادی مارچ نے ہلاکررکھ دیں۔اپوزیشن اتحاد نااہل حکومت کے خاتمے تک اسکا تعاقب جاری رکھے گا۔کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزادی مارچ پلان سی پرسندھ میں عملدرآمد کیا جائیگا اور26 نومبر کو تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دوپہر2 بجے کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفترکے سامنے عوامی قوت کا بھرپورمظاہرہ کیا جائیگا۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی اپوزیشن جماعتوں نے بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالیں۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کے استعفیٰ تک تحریک جاری رہے گی ۔