لاہور(اپنے رپورٹر سے،وقائع نگار )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا ہے نہ حکمت عملی۔اپوزیشن جماعتیں کورونا وائرس پر بھی پوائنٹ سکورنگ میں مصروف ہیں ۔بدقسمتی ہے کہ اپوزیشن نے اہم ترین قومی مسئلے کو بھی سیاست کی نذر کیا۔پنجاب میں وقت ضائع کئے بغیر 8نئی لیبز پر کام شروع کیا گیا۔ مارکیٹیں اور بازار کھلنے کے بعد عوام کو مزید ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا۔ جتنی احتیاط کریں گے اتنا ہی شہری محفوظ رہیں گے ۔ ہم نے لوگوں کو کورونا سے بھی بچانا ہے اور بھوک سے بھی ۔گزشتہ روز لاہور کے شہریوں کی سہولت کے لئے فردو س مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر مجموعی طو رپر ایک ارب 76کروڑ روپے لاگت آئے گی،جس میں لینڈ ایکوزیشن بھی شامل ہے ۔ فردوس مارکیٹ انڈر پاس پراجیکٹ کی تعمیراتی لاگت کا تخمینہ ایک ارب 9کروڑ روپے لگایا گیاتاہم حکومت نے شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے تعمیراتی لاگت میں 13کروڑ روپے کی خطیر رقم کی بچت کی ہے اور بچت کے بعد منصوبے کی تعمیراتی لاگت 96کروڑ روپے ہوگی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ انڈر پاس کی مدت تکمیل 4ماہ رکھی گئی ہے تاہم ایل ڈی اے کو یہ منصوبہ 3ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔پسماندہ علاقوں کے منصوبوں کی طرح لاہور کے اس اہم منصوبے پر پیشرفت کی خود نگرانی کروں گا۔دورویہ انڈرپاس 540میٹرطویل اور دونوں طرف سے دودولینز پر مشتمل ہوگا۔منصوبے کے لئے تقریباً7 کنال اراضی ایکوائر کی جائے گی۔ منصوبے کی تعمیر سے فردوس مارکیٹ چوک میں واقع کوئی عمارت متاثر نہیں ہوگی-انڈرپاس کی تعمیر سے روزانہ 91 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔لاہور میں سیوریج اور پانی کی فراہمی کے نظام کو بھی بہتر بنائیں گے ۔ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو منصوبے کے اہم خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب انصاف امداد پروگرام اور احساس پروگرام کے تحت 5روز میں مستحق خاندانوں میں 6 ارب 53 کروڑ روپے سے زائد کی مالی امداد تقسیم کی گئی ہے اوراب تک 5لاکھ 44ہزار سے زائد مستحق خاندانوں کو مالی امدادشفاف طریقے سے دے چکے ہیں۔25لاکھ غریب خاندانوں کو 12ہزارروپے فی خا ندان مالی امدادفراہم کررہے ہیں۔