لاہور(سلیمان چودھری )محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے پانچ میں سے 2مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کا منصوبہ ڈراپ کر دیا گیا۔ اٹک اور بہاولنگر میں 200بستروں پر مشتمل ہسپتالوں کا منصوبہ اگلے مالی سال 2019-20ء کے سالانہ ترقیاتی پروگرامز میں شامل ہی نہیں کیا گیا ۔ ترقیاتی پروگرامز میں شامل نہ ہونے کی وجہ سے ان دو شہروں میں ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے کوئی فنڈز مختص نہ کیے جا سکے ۔باقی تین ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے جگہ کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور ان پر تعمیر ی لاگت کا تخمینہ 12ارب سے زائد کا لگایا گیا ہے ۔ اگلے مالی سال2019-20ء میں ان ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے 2ار ب37کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔پنجاب حکومت نے اعلان کیاتھا میانوالی ، لیہ ، راجن پور، بہاولنگر اور اٹک میں 200بستر کے مد ر اینڈ چائلڈ ہسپتال تعمیر ہوں گے ۔حکومت کی جانب سے اگلے مالی سال میں میانوالی میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی تعمیر کیلئے 300کینال زمین کی جنرل بس سٹینڈ کے نزدیک نشاہدہی کر لی گئی ۔ ہسپتال کی بلڈنگ کا ڈائزین منظور کر لیا گیا اور پی سی ون کی منظوری کے بعد انفراسٹرکچر ڈوپلمنٹ اتھارٹی پنجاب کے ذریعے ٹیندڑکا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ہسپتال کی تعمیر کا تخمینہ 4ارب 21کروڑ68لاکھ روپے لگایا گیا۔رواں سال اس ہسپتال کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے مختص تھے جبکہ ا گلے مالی سال میں 2ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ لیہ میں 206کینال زمین کی منڈی ٹائون چک نمبر41کے پاس نشاندہی کی گئی ہے اور اس کے پی سی ون کی تیاری کا عمل جاری ہے ۔ اس ہسپتال کیلئے 2019-20ء میں 18کروڑ50لاکھ روپے مختص ہیں جبکہ تخمینہ 4ارب روپے لگایا گیا ہے ۔ راجن پور میں 225کینال زمین رکھ فیض پور چک خاص کے نزدیک دیکھی گئی ہے ۔رواں مالی سال میں اس ہسپتال کیلئے ڈیڑھ کروڑ مختص تھے ۔ 2019-20ء میں 18کروڑ50لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ تخمینہ 4ارب روپے لگایا گیا ہے ۔بہاولنگر میں ہسپتال کیلئے رواں مالی سال میں ڈیڑھ کروڑ روپے رکھے گئے تاہم اگلے مالی سال2019-20ء کے بجٹ میں اس ہسپتال کو سالانہ ترقیاتی پروگرامز میں شامل ہی نہیں کیا گیا ۔ اٹک میں ہسپتال کیلئے 127کینال زمین شہر کے اندر ہی دیکھی گئی۔ اس ہسپتال کو بھی محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے سالانہ ترقیاتی پروگرامز میں شامل نہیں کیا گیا ۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر زاہد اختر زمان کا کہنا ہے ان دوہسپتالوں کے منصوبے کو ڈراپ نہیں کیاگیا پہلے تین ہسپتالوں کی تعمیر کا کام شروع کریں گے ۔اٹک اور بہاولنگر میں ہسپتالوں کی تعمیر کے منصوبے کو مالی سال 2020-21ء میں شامل کیا جائے گا ۔