کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی مندی چھائی رہی ۔کے ایس ای100انڈیکس مزید308.83کمی سے 33539.85 پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ65.65فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے سرمایہ کاروں کو56ارب 64کروڑ3 لاکھ روپے کا نقصان اٹھاناپڑا ۔جمعرات کو سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا،جس سے انڈیکس33919پوائنٹس پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں حصص کی فروخت کا دباؤ بڑھنے سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 171.48پوائنٹس کی کمی سے 14461.31اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس213.77 کمی سے 24125.23پوائنٹس ہوگیا۔دریں اثنامقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونا700روپے کے اضافے سے 99ہزار300روپے فی تولہ ہوگیا۔ دس گرام سونے کی قیمت600روپے اضافے سے 85ہزار134روپے ہو گئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید90پیسے اضافے سے 165.50 سے بڑھ کر166.40 اور قیمت فروخت70پیسے اضافے سے 166 سے بڑھ کر166.70روپے ہو گئی ۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر70پیسے بڑھنے سے قیمت خرید165.50سے بڑھ کر166.20 اور قیمت فروخت166 روپے سے بڑھ کر166.70روپے پر جا پہنچی۔ برطانوی پاؤنڈ سٹرلنگ کی قیمت خرید 205 سے بڑھ کر205.30اور قیمت فروخت207سے بڑھ کر207.30روپے ہوگئی۔سعودی ریال کی قیمت خرید 43.20روپے سے بڑھ کر43.60روپے اور قیمت فروخت43.70روپے سے بڑھ کر44.10روپے ہوگئی جبکہ یواے ای درہم کی قیمت خرید44.20روپے سے بڑھ کر44.60روپے اورقیمت فروخت 44.70روپے سے بڑھ کر45.10روپے ہوگئی۔