لاہور(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان) ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد4009ہوگئی جبکہ مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ پنجاب میں 2030، سندھ میں 986، خیبر پختونخوا میں 500، گلگت بلتستان میں 211، بلوچستان میں 202، اسلام آباد میں 83 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 کورونا وائرس کے مریض سامنے آ چکے ہیں۔جناح ہسپتال لاہور میں مغل پورہ کا رہائشی 42 سالہ نوید احمد کوروناوائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے جاں بحق ہو گیا۔ نوید احمد لوکل ٹرانسمیشن کیس، کوئی غیر ملکی سفر کیا نہ کسی کنفرم مریض کے رابطے میں آیا۔ رحیم یارخان میں کورونا وائرس کا شکار65سالہ شخص دم توڑگیا، چند روز قبل حسن کالونی کے رہائشی اکرم بھٹی کو شیخ زاید ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔بلوچستان اور سندھ میں بھی ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے ۔پمز میں جاں بحق ہونیوالی شبنم کو کورونا ایس او پیز کے مطابق کہوٹہ میں سپردخاک کردیا گیا۔بورے والا میں تبلیغی جماعت کے مزید 7ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ سیالکوٹ کے علاقہ دوبرجی چوک میں تبلیغی جماعت کے مزید 2 ارکان میں کرونا وائرس مثبت آگیا۔ چنیوٹ میں کورونا وائرس کے 8 مریض سامنے آنے پر 4 دیہات قرنطینہ سنٹرز میں تبدیل کردئیے گئے ۔ریلوے انجن شیڈ کالونی لاہور میں دو ریلوے ملازمین کے گھروں کو قرنطینہ سنٹرز میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ میو ہسپتال میں کورونا کے 4 مریض صحت یاب ہوگئے جنہیں ڈسچارج کردیا گیا۔سکھر قرنطینہ میں بھی 129 مریض صحت یاب ہوگئے ۔قرنطینہ سنٹر ملتان سے مظفرگڑھ منتقل زائرین کے دوبارہ لئے گئے ، رزلٹ پازٹیو آگئے ، 109زائرین کو مظفرگڑھ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا جن میں سے 15زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔کورونا وائرس سے متاثرہ ینگ ڈاکٹرز نے اپنے ہی ڈاکٹرز اور ہسپتال میں انتظامات پر عدم اعتماد کرتے ہوئے طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ میں توڑ پھوڑ کی اور حفاظتی حصار توڑ کر لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال کر رہائشی بلاک میں داخل ہوگئے ۔پنجاب سے کورونا وائرس کے مزید 112 کیس رپورٹ ہوئے ، تعداد 2030 ہو گئی،572 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 49 قیدیوں، 714 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی زائرین سنٹرز میں کل 695 کنفرم مریض موجود ہیں۔زائرین کی تعداد میں سے ڈبل انٹری ختم کر دی گئی، دو دفعہ پازیٹو آنے والے کو مریض کو ایک ہی لکھا گیا ہے ۔ڈی جی خان میں 220 زائرین، ملتان میں 457 زائرین، فیصل آباد میں 18 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔کوئٹہ کے ڈاکٹروں کے بلوچستان حکومت سے مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد انہوں نے ہڑتال ختم کرتے ہوئے ہسپتالوں میں تمام سروسز بحال کردی ہیں۔ایران سے مزید 11 زائرین تفتان پہنچ گئے ۔کوئٹہ میں جیل انتظامیہ نے کورونا سرٹیفکیٹ کے بغیر قیدیو ں کو رکھنے سے انکار کردیا۔پنجاب بھر میں ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرامیڈکس نے بلوچستان میں ڈاکٹرز پر تشدد کے خلاف یوم سیاہ منایا اور کالی پٹیاں باندھ کر کام کیا۔ صدر وائے ڈی اے پنجاب ڈاکٹر سلمان حسیب نے کہا کہ پنجاب میں بھی ڈاکٹرز کو پی پی ای کے بغیر کام کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ وزیر صحت کے پی کے تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ دوران پور قرنطینہ میں 150 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ اب تک 10223 ٹیسٹ کئے ہیں،آئسولیشن سنٹرز، سی سی یو، آئی سی یو کی تعداد بڑھا رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارا ہیرو ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کورونا کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے خود جان کی بازی ہار گیا۔مراد علی شاہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کورونا وائرس پر کام کرنے والے ڈاکٹروں کو سلام پیش کیا۔خیبرپختونخوا میں جزوی لاک ڈائون میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی۔ واشنگٹن؍ لندن(نیٹ نیوز؍ نیوز ایجنسیاں) دنیا بھر میں کورونا کے مزید68 ہزار سے زائد کیس سامنے آگئے جبکہ 6800 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔مریضوں کی مجموعی تعداد 14لاکھ سے زائد جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 81ہزار سے زائد ہوگئی ہے ۔امریکہ میں مسلسل 7ویں روز ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔گزشتہ روز امریکہ میں 1681افراد ہلاک ہوئے جبکہ24 ہزار نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد3.91لاکھ ہوگئی،فرانس میں 1417، برطانیہ میں 786، اٹلی میں 604، سپین میں556، ایران میں 133، بیلجیئم میں 403،نیدرلینڈز میں 234، سویڈن میں 114 افراد ہلاک ہوئے ۔سعودی وزیر نے کہا کہ ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 2لاکھ تک پہنچ سکتی ہے ۔برطانیہ میں لیبر پارٹی کے رکن پارلیمان ٹونی لیلوڈ کو کورونا کے باعث ہسپتال داخل کیا گیا ہے ۔ 99 سالہ برطانوی خاتون کورونا وائرس کو شکست دیتے ہوئے 3 ہفتے ہسپتال میں گزار کر گھر منتقل ہوگئی۔سعودی عرب میں کورونا کا شکار نومولود بچے کو صحت یاب ہونے کے بعد والدین کے سپرد کردیا گیا۔انڈونیشیا میں کورونا وائرس سے 24 ڈاکٹروں کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی جبکہ انڈونیشیا نے پینڈیمک بانڈز بھی جاری کردیئے ہیں۔نئی دہلی اور ممبئی کے 3 ہسپتالوں کو سٹاف میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد بند کردیا گیا۔جاپان نے کورونا کے مزید کیس سامنے آنے پر ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے ۔پیرس میں انفرادی کھیلوں کی سرگرمیوں ’جاگنگ‘ پر 8 اپریل تک پابندی عائد کردی گئی۔اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا کورونا پر پہلا اجلاس کل ہوگا۔