لاہور(جنرل رپورٹر)دنیا بھر میں میڈیکل کے شعبہ میں کامیابی اور ایکسیلینس حاصل کرنے والے ترقی یافتہ ملکوں نے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر ہمیشہ خصوصی توجہ دی ہے اور میڈیکل سائنس میں جدید رحجانات کوروشناس کرانے کے لئے طبی ماہرین اور ریسرچ سکالرز نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے ۔ ایک مایہ ناز معالج بننے کیلئے ضروری ہے کہ میڈیکل کے طلبا و طالبات تحقیق اورمقالہ نویسی کے شعبہ میں دن رات محنت کر کے اپنی صلاحیتوں کو منوائیں۔ ان خیالات کا اظہار برطانیہ سے آئے ہوئے نامورمعالج پروفیسر ڈاکٹر خالدسعید خان نے لاہورجنرل ہسپتال میں میڈیکل کے طلباء و طالبات کو تحقیقی کام کے طریقہ کار اور مقالہ نویسی (Methodology and Article Writing)کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر،فیکلٹی ممبران، پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس بھی موجود تھے ۔