لاہور(جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر،صباح نیوز) جناح ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کاخالی پیٹ بلڈ پریشر اور شوگر کا ٹیسٹ کیا گیا، جس کی رپورٹ نارمل ہے ۔ایم ایس جناح ہسپتال عاصم حمید نے بتایا میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم کی سروسزہسپتال، پی آئی سی اور لندن میں ہونے والے علاج کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔نواز شریف کے روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ ہورہے ہیں۔محکمہ داخلہ کی طرف سے جن کو ملوانے کی ہدایت کی جاتی ہے ، صرف ان کو ملاقات کی اجازت ہے ۔میڈیکل بورڈ رپورٹس فائنل ہونے کے بعد محکمہ داخلہ کو بھیجے گا۔ نواز شریف کا ایکو ٹیسٹ اور ای سی جی کی گئی ۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی جناح ہسپتال پہنچے ۔نواز شریف کا ایک بار پھر ٹروپ آئی ٹیسٹ کیا جائے گا۔ شہباز شریف نے جناح ہسپتال میں نوازشریف سے ملاقات کی۔ مریم نوازنے والد کی عیادت کی مریم نواز ساتھ کھانا بھی کھایا۔ شہباز شریف بھی جناح ہسپتال میں کچھ دیر موجودرہے ۔ شہباز شریف نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا دعا ہے کہ نواز شریف صحت یاب ہوں۔ کارکنان نے ہسپتال میں شدید نعرے بازی کی۔ رش کی وجہ سے ہسپتال میں موجود مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر عارف تجمل نے کہا کہ نواز شریف کے کچھ ٹیسٹ ہوچکے ، ان کی طبعیت ٹھیک ہے ۔کسی رپورٹ کے بارے میں کارڈیالوجسٹ بہتر آگاہ کرسکتے ہیں۔نواز شریف کا پی آئی سی اور سروسز کا ڈیٹا موصول ہوگیا ،میڈیکل بورڈ نے تمام میڈیکل ہسٹری کا جائزہ لے لیا ہے ۔ اس موقع پر پولیس کی طرف سے جناح ہسپتال میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے ۔ پولیس کے مطابق کسی بھی شخص کو اجازت نامہ کے بغیر نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہیں ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ نوازشریف کو دل کی پیچیدہ کورونری آرٹری کی بیماری لاحق ہے اور ان کے ذاتی معالج کے علاوہ پنجاب حکومت کے تمام تشکیل کردہ میڈیکل بورڈز نے بھی اس پیچیدہ بیماری کی تشخیص اور تصدیق کی ہے ۔ گردوں کی بیماری نے بھی نواز شریف کے علاج کو مزید پیچیدہ کردیا ہے ۔