لاہور(نامہ نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن) پاکستانی وکلا نے بھارتی سپریم کورٹ میں نریندر مودی کیخلاف توہین عدالت کی درخوست دائر کر دی۔ جوڈیشل ایکٹوزم پینل نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو کا خاتمہ نہیں کیا۔ مودی سرکار بھارتی سپریم کورٹ کے احکامات بھی نہیں مان رہی۔ بھارتی سپریم کورٹ آرٹیکل 32 کے تحت معاملے کا ازخود نوٹس لے ۔ مودی سرکاری نے آرٹیکل 370 کا غیر قانونی خاتمہ کیا۔ بھارتی سپریم کورٹ آرٹیکل 370 کے خاتمے کو کالعدم قرار دے اور کشمیریوں پر مظالم رکوا کر امن کو یقینی بنائے ۔ درخوست میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کا بھی حوالہ دیا گیا۔ درخواست گزار اظہر صدیق ایڈوکیٹ اور دیگر وکلا نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پاکستانی وکلا کو پیش ہونے کی خصوصی اجازت دی جائے ۔