اسلام آباد، کویت(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان اور کویت کے تعلقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ، کویت نے دس سال بعد پاکستانی شہریوں کیلئے کویت کے ویزے بحال کر دیئے ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق کویت کے دورے پر گئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے گزشتہ روز کویتی وزیر اعظم شیخ صباح الخالد الحمد الصباح سے ملاقات کی، وفاقی وزیر داخلہ نے کویتی وزیر اعظم کو وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے بھیجا گیا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔ ملاقات کے دوران اہم فیصلے ہوئے ،2011سے بند پاکستانی شہریوں کیلئے کویتی ویزا کی بحالی پر بڑی پیشرفت ہوئی،پاکستان اورکویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا،میڈیکل ،آئل فیلڈ میں ٹیکینکل ویزا پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، خلیجی ممالک میں رہنے والی پاکستانی کویت کا آن لائن ویزا حاصل کرسکیں گے ۔ کویتی وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پرمحیط ہیں،پاکستان اورکویت کے عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ ہے ۔شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں،تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں،باہمی تعلقات کی بنیاد باہمی بھائی چارہ اور محبت ہے ،پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزا بندش سے مسائل درپیش تھے ،پاکستانی لیبر کا کویت کی ترقی میں بہت اہم کردار ہے ،ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ،کاروباری ویزا بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھے گی۔ملاقات میں کویت کے وزیر داخلہ اور پاکستانی سفیر بھی موجود تھے ،پاک کویت دوطرفہ تعلقات اور دیگر امور پرگفتگو کی گئی۔