اسلام آباد (92 نیوز رپورٹ) پاکستان بھارتی سیاستدانوں اور میڈیا کے اعصاب پر سوار ہو گیا، بھارت کے پاکستان مخالف پراپیگنڈے میں نمایاں اضافہ ہوگیا، اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر مسلسل پاک فوج، کشمیر اور سی پیک کو نشانہ بنایا جانے لگا، بھارتی پراپیگنڈے کا اہم ہدف چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ ہیں، بھارتی پراپیگنڈے کا مقصد سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنا ہے ،بھارتی میڈیا نے پاکستان میں خانہ جنگی کی جھوٹی خبریں چلا دیں، سندھ میں پولیس افسران کی چھٹیوں اورادارہ جاتی اختلافات پرخانہ جنگی کا شوشہ چھوڑدیا،جھوٹی خبروں پر بھارتی صحافی جھاگ اُڑاتے رہے ، خانہ جنگی میں اموات کا بھی جھوٹ گھڑ لیا،جھوٹے واویلے میں بھارتی سوشل میڈیا سیل بھی شامل ہوگئے ،بھارتی میڈیا ، ویب سائٹس اور ٹویٹر اکائونٹس اپنی قوم کوگمراہ کرنے میں سب ایک ہوگئے ۔بھارتی میڈیا خبر بنا کر چلاتا رہا کہ کراچی میں دو فریقین کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں، اس جھوٹ پر دنیا بھر میں آج دن بھر بھارتی میڈیا کا مذاق اڑایا جاتا رہا اور اسے دنیا کا جھوٹا ترین میڈیا قرار دیا گیا، اس شرم ناک جھوٹ کو پھیلانے میں بھارتی چینل سی این این نیوز 18، اوپ انڈیا اور ٹائمز ناؤ شامل تھے ، بھارتی میڈیا نے کہا کراچی کے علاقے ’’گلشن باغ‘‘ میں جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں ، سندھ میں مارشل لا تک کے دعوے کردیے گئے ، پاکستانی صحافی طلعت اسلم نے کہا کہ کراچی میں سول وار کے قریب ترین چیز سول لائنز تھانہ اور آرٹلری کے نام سے آرٹلری میدان تھانہ ہے جو میری کھڑکی سے نظر آتا ہے ، صحافی مبشر زیدی نے کراچی میں دو بھارتی شہروں کے نام سے معروف دکانوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ ’بمبے بیکری‘ اور ’دہلی سویٹ ہاؤس‘ پر صورتحال سنجیدہ ہے ، بھارتی پراپیگنڈا پر پاکستانیوں نے خوب طنز کیا اور ٹوئٹر پر ہیش ٹیگز ’’سول وار ان کراچی‘‘ اور ’’سول وار ان پاکستان‘‘ ٹرینڈ کرنا شروع ہوگئے ۔پاکستان نے بھی بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لے لیا ، حکومتی وزرا نے بھارتی میڈیا کے ان مضحکہ خیز دعووں کی نشاندہی کر کے سماجی روابط کے پلیٹ فارم ٹوئٹر کی انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ٹوئٹر جان بوجھ کر بھارتی میڈیا کی پاکستان کے حوالے سے جھوٹی خبروں کو نظر انداز کررہا ہے ، ترجمان دفتر خارجہ نے بھی بھارتی پراپیگنڈا مہم کا نوٹس لیا، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا بھارتی میڈیا نئی پستیوں کو چھو رہا ہے ۔دوسری جانب انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی ریسرچ نے اپنی رپورٹ میں کہا گزشتہ تین ماہ کے دوران4بڑے اہداف پاک فوج،عاصم سلیم باجوہ،ملک میں انتشار اور بد امنی اور کشمیر پر پراپیگنڈاکیا گیا۔سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال بھی بھرپور طریقہ سے کیا جارہا ہے ۔پاکستان کیخلاف جعلی خبریں پھیلانے پر بھارتی صحافی بھی اپنے میڈیا پر برس پڑے ، امرتسرسے تعلق رکھنے والے سینئرصحافی سریندرکھوچر کہتے ہیں یہ بدقسمتی ہے کہ آج بڑے بڑے میڈیا ہاؤسز بغیرتصدیق کے ایسی خبریں نشرکرتے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ، بی بی سی ہندی سے منسلک رویندرسنگھ روبن نے کہا فیک نیوز اس وقت پاکستان اورانڈیا کا ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ بن چکا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان اورانڈیا میں یہ رحجان بڑھ رہا ہے ۔