لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے مالی و ترقیاتی امور ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا ہے قائد اعظم بزنس پارک ، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سمیت تمام اکنامک زونز کے لیے بینک ایبل بزنس پلان ترتیب دئیے جائیں گے ۔ قائد اعظم اپیرل پارک سے کثیر مقاصد حاصل کیے جائیں گے ۔ لان مارک اپ سکیم میں میرٹ کی پابندی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔مختلف جامعات میں پیشہ ورانہ اور کاروبار کی تربیت حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور ٹیوٹا سے تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ ٹیوٹا اپنے کورسز اور نصاب کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروائے گا تمام ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز میں لیبر منڈیوں کی طلب کے مطابق کورسز متعارف کروائے جائیں گے ۔ٹیوٹا ٹریننگ سینٹرز میں سیکنڈ شفٹ کا آغاز خوش آئند ہے ۔ادارہ نوجوانوں کی تربیت کے ساتھ ملازمت کی فراہمی کوبھی یقینی بنائے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں قائد اعظم اور علامہ اقبال صنعتی زونز اور وزیر اعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام میں پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ پنجاب گروتھ سٹریٹجی کے مطابق اہداف کے حصول کے لیے ہمیں مزید صنعتی زونز کے ساتھ ساتھ سکولوں سے باہر دس ملین بچوں کی بنیادی تعلیم اور فنی تربیت کو بھی یقینی بنانا ہے ۔