لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کلیم اﷲ اور ناصر علی کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کرنے اور سلیکشن کمیٹی میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے ۔ کلیم اﷲ اور ناصر علی کی شمولیت سے سلیکٹرز کی تعداد 4 سے بڑھ کر 6 ہوجائے گی۔ 1986 میں کھیل کو خیرباد کہنے والے کلیم اﷲ نے پہلی بار فیڈریشن میں کسی عہدے کے لیے کام کرنے پر رضامندی ظاہرکی ہے ۔ بہاولپور سے تعلق رکھنے والے معروف فارورڈ کو 176 میچوں میں 97 گول کرنے کا اعزاز حاصل ہے ۔ کلیم اﷲ نے 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس کے فائنل کے اضافی وقت میں فیصلہ کن گول کرکے پاکستان کو سونے کا تمغہ دلانے میں اہم کردار اداکیا۔